’سعودی عرب کے صنعتی سیکڑ میں وسیع مواقع سے فائدہ اٹھایا جائے‘
مملکت میں صنعتی یونٹس کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر الخریف چاہتے ہیں کہ کاروباری شعبہ سعودی عرب کی جانب سے پیش کیے جانے والے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھائے کیونکہ وہ اپنی صنعتی بنیاد کو وسعت دے کر اپنی آمدنی کے ذرائع کو متنوع بنانا چاہتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ریاض چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام چھٹے ریاض انڈسٹریلسٹ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوششوں کی بدولت صنعتی شعبے میں نمایاں ترقی ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب میں صنعتی یونٹس کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
بندر الخریف نے کہا کہ ’ مملکت کے صنعتی شعبے میں بہت سے مواقع موجود ہیں اور بین الاقوامی کمپنیاں بھی سعودی عرب میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی لے رہی ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ وزارت صنعت نے ترقی کے اہم شعبوں کی نشاندہی کی ہے اور نجی شعبے کو آگے لانے کے لیے کئی مراعات کی پیشکش کی ہے۔ وزارت صنعت کاروں کو سپلائی چین کے عالمی چیلنجوں پر قابو پانے میں مدد کرنے کے لیے بھی کام کر رہی ہے‘۔
بندر الخریف نے صنعتکار کونسل کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی، ایک ایسا پلیٹ فارم جہاں صنعتکار اور دیگر سٹیک ہولڈرز قومی صنعت کی حمایت میں تجاویز، خواہشات اور ضروریات کا تبادلہ کر سکتے ہیں۔
ایک اجلاس کے دوران سعودی ایکسپورٹ امپورٹ بینک کے سی ای او سعد الجلاب، وزارت صنعت و معدنی وسائل میں صنعتی حکمت عملیوں اور شعبوں کے نائب وزیر عبدالعزیز الاحمدی اور سعودی ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او عبدالرحمن الذکیر نے شرکت کی اور منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا جن پر مملکت کے صنعتی شعبے میں کام کیا جا رہا ہے۔