Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خروج وعودہ میں پانچ ماہ کی توسیع کرائی، اچانک واپسی ہوگئی، فیس ریٹرن ہو سکتی ہے؟

سنگل انٹری خروج وعودہ کا استعمال متعدد بار نہیں کیاجاسکتا ( فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن جو وزارت داخلہ کا ذیلی ادارہ ہے قوانین کے مطابق  مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے اقامے، خروج وعودہ اور خروج نہائی کے اجرا کا ذمہ دار ہے۔
مملکت میں رہائش پذیرغیرملکی افراد جب مستقل بنیاد پر اپنے ملک جاتے ہیں تو انہیں فائنل ایگزٹ جسے عربی میں خروج نہائی کہا جاتا ہے حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے جبکہ چھٹی پر جانے کے لیے خروج و عودہ لینا ہوتا ہے۔
 جوازات سے ایک شخص نے دریافت کیا ’اہلیہ  خروج وعودہ پرگئی تھیں۔ ویزے کی مدت میں چھ ماہ کے لیے توسیع کرانے کے بعد اچانک اہلیہ کو مملکت آنا پڑا جبکہ خروج وعودہ کی مدت میں اس وقت 5 ماہ باقی ہیں کیا باقی مدت بیلنس میں شمار ہوگی اوردوبارہ وہی خروج وعودہ استعمال کیاجاسکتا ہے یا نہیں ؟‘۔ 
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ’ سنگل انٹری خروج وعودہ کا استعمال متعدد بار نہیں کیاجاسکتا اورنہ اس حوالے سے جمع کرائی گئی فیس واپس لی جاسکتی ہے‘۔ 
’خروج وعودہ جاری کیے جانے سے قبل یہ ممکن ہوتا ہے کہ فیس واپس لی جاسکے تاہم جب فیس کے مقابل خروج وعودہ جاری کرلیا جائے اس کے بعد اس مد میں جمع کرائی گئی فیس واپس نہیں لی جاسکتی‘۔ 
ملٹی انٹری خروج وعودہ جوکہ متعدد بار استعمال کیاجاتا ہے اس کی فیس بھی واپس نہیں لی جاسکتی جب کہ وہ جاری ہوجائے۔ 

فائنل ایگزٹ پر جانے والے اپنے ذمہ واجبات کی ادائیگی مکمل کریں۔ (فوٹو عرب نیوز)

واضح رہے خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کرانے کا مطلب یہ ہے کہ اس مدت تک ایگزٹ ری انٹری پرمملکت سے باہر رہ سکتے ہیں ۔  
سنگل انٹری خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کرانے کے بعد اگرمقررہ مدت سے قبل مملکت آنا ہوتو اس صورت میں باقی مدت کینسل ہو جاتی ہے جس کے بعد نہ توتوسیع کے لیے جمع کرائی گئی فیس واپس ہوسکتی ہے اورنہ ہی باقی ماندہ مدت بیلنس میں شمار ہوگی۔ 
 خروج نہائی کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا’ میرے نام پرموٹرسائیکل رجسٹرڈ ہے۔ اس صورت میں میرا خروج نہائی لگ سکتا ہے یا موٹرسائیکل اپنے نام سے ہٹانا ضروری ہوگا؟‘۔ 
سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ’ جو غیرملکی کارکن مملکت سے فائنل ایگزٹ پرجاتے ہیں۔ انہیں چاہئے کہ وہ اپنے ذمہ تمام واجبات ختم کریں۔ اگران کے نام پرکوئی گاڑی یا موٹرسائیکل رجسٹرہے تواسے یا تو فروخت کریں یا کسی کے نام پرمنتقل کریں اس کے بعد ہی ان کاخروج نہائی ویزا لگایاجاسکتا ہے‘۔
اگر کسی کارکن کے ذمہ ٹیلی فون کا بل بھی واجب الاد ہوگا اس صورت میں بھی خروج نہائی یعنی فائنل ایگزٹ نہیں لگایا جاسکتا۔  
گاڑی یا موٹرسائیکل اپنے نام سے ہٹانے کے بعد جوازات کے سسٹم میں جو تمام معاملات کلیئرہوجائیں گے اس کے بعد کارکن کا خروج نہائی لگایا سکتا ہے۔

شیئر: