بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، آٹھ شدت پسند ہلاک
جمعرات 23 فروری 2023 18:42
آئی ایس پی آر کے مطابق ’سکیورٹی فورسز نے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود برآمد کیا۔‘ (فوٹو: آئی ایس پی آر)
بلوچستان کے ضلع کیچ میں سکیورٹی فورسز نے مقابلے کے دوران آٹھ شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ’بدھ کی شام کیچ میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشتگردوں نے حملہ کیا جس کے جواب میں آپریشن کے دوران آٹھ شر پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولیاں اور بارود برآمد کیا۔‘
پاکستان کی سیکیورٹی فورسز شر پسند عناصر کی جانب سے صوبے کے امن کو متاثر کرنے کی کوشش کو ناکام بناتی رہیں گی۔
گذشتہ مہینے بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں چار دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ ٹھکانے سے بھاری مقدار میں دیسی ساختہ بم، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا تھا۔