Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور یوکرین میں 400 ملین ڈالر اضافی امداد کا معاہدہ

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کیئف میں یوکرینی ہم منصب سے ملاقات کی ہے۔ ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب اور یوکرین نے 400 ملین ڈالر کی اضافی امداد کے حوالے سے مفاہمتی یادداست اور معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
سعودی وزیر خارجہ اور یوکرین کے صدر کے دفتر کے ڈائریکٹر کی موجود گی میں دستخط معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
یہ معاہدہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے اکتوبر 2022 میں یوکرین کے صدر کے ساتھ ٹیلی فونک رابطے کے دوران یوکرین کو ایک اضافی انسانی امدادی پیکیج کی فراہمی کے وعدے پر عملدرآمد ہے۔
معاہدے پر شاہ سلمان مرکز برائے امداد اور انسانی خدمات ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ اور یوکرین کے نائب وزیراعظم نے دستخط کیے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق معاہدے کے تحت یوکرین کے لیے 100 ملین ڈالر کی انسانی امداد کی فراہمی کے لیے مشترکہ تعاون کا پروگرام چلایا جائے گا۔
علاوہ ازیں سعودی ترقیاتی فنڈ یوکرین کو 300 ملین ڈالر کی گرانٹ فراہم کرے گا۔
معاہدے اور مفاہمتی یادداشت پر دستخط اس بات کی علامت ہے کہ سعودی حکومت، سماجی و اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے اور انسانی مسائل کا بوجھ کم کرنے کے سلسلے میں یوکرین کے دوست عوام کی مدد کے حوالے سے پرعزم ہے۔
علاوہ ازیں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کیئف میں یوکرینی ہم منصب سے ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں یوکرین کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)

ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں یوکرین کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ’سعودی عرب بحران کے سیاسی حل کے لیے تمام بین الاقوامی کوششوں کا پر زور حامی ہے۔ مذاکرات کے ذریعے بحران کے حل کی سنجیدہ کوششوں، شہریو ں کے تحفظ اور بحران کی شدت کو کم کرنے میں معاون ہر اقدام کے ساتھ کھڑا ہے۔‘
وزرائے خارجہ نے دونوں دوست ملکوں کے درمیان تعاون کے فروغ اور متعدد شعبوں مں ان کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے مواقع پر بات چیت کی۔ علاقائی اور عالمی حالات بھی زیر بحث آئے۔
اس موقع پر یوکرین میں سعودی عرب کے سفیر، وزیر خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل، شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے سربراہ  اور سعودی ترقیاتی فنڈ کے چیئرمین سلطان المرشد بھی موجود تھے۔

شیئر: