Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشرقی ترکیہ میں ایک اور زلزلے سے خستہ حال عمارتیں منہدم

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریباً 173,000 عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
مشرقی ترکیہ میں رواں ماہ کے آغاز میں انتہائی ہولناک زلزلے کے آفٹر شاکس میں پیر کے روز ایک بار پھر ملاتیہ صوبے میں 5.6 شدت کا زلزلہ آیا جس کی وجہ سے گزشتہ زلزلے سے متاثرہ عمارتیں منہدم ہو گئیں۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق ترکیہ کی سرکاری ڈیزاسٹر ایجنسی نے رپورٹ میں کہا ہے کہ حالیہ زلزلے کا مرکز بھی ملاتیہ صوبے کا یسیلیورٹ ضلع تھا جو 6 فروری کے زلزلے سے شدید متاثر ہوا تھا۔
رواں ماہ کے آغاز میں آنے والے ہولناک زلزلے سے ترکی میں پچاس ہزار سے زیادہ اور پڑوسی ملک شام میں بھی ہزاروں افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
ترکیہ کی سرکاری ڈیزاسٹر ایجنسی اے ایف اے ڈی نے ٹویٹ کیا ہے کہ 5.6 شدت کے زلزلے کے بعد فیلڈ سکیننگ مطالعے کے نتیجے میں پتہ چلا ہے کہ متاثرہ عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں۔
ایجنسی نے مزید وضاحت کی ہے کہ ہم نے تلاش اور بچاؤ ٹیموں کو فوری طور پر متاثرہ علاقے میں روانہ کر دیا گیا اور ایمرجنسی ٹیموں نے بحالی کا کام  شروع کر دیا ہے۔
مقامی ضلع کے میئر محمد سینار نے  بتایا ہے کہ  بحالی کے لیے آنے والی ٹیموں کی فوری رہنمائی کی گئی ہے تاکہ ملبے کے نیچے پھنسے ہوئے زندہ افراد کو ریسکیو کیا جا سکے۔

ایک سال  میں دو لاکھ 70 ہزار مکانات کی تعمیر نو کا منصوبے ہے۔ فوٹو ٹوئٹر

مقامی میئر نے سرکاری ٹیلی ویژن ہبیر کو بتایا انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ زلزلے سے گرنے والی عمارتوں میں سے اکثر خالی تھیں، اللہ کا شکر ہے کہ جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
ترک حکام نے ایسے افراد کے خلاف  تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے جو خوفناک زلزلے سے گرنے والی عمارتوں کے لیے مجرمانہ غفلت کے ذمہ دار ہیں جس کی وجہ سے لاکھوں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔
سرکاری ڈیزاسٹر ایجنسی اے ایف اے ڈی نے 6 فروری کے زلزلے کے بعد تقریباً 10,000 آفٹر شاکس ریکارڈ کیے ہیں۔

حالیہ زلزلے سے گرنے والی عمارتوں میں سے اکثر خالی تھیں۔ فوٹو عرب نیوز

ترکیہ کی مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریباً 173,000 عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔
مقامی میڈیا  نے ایسے بلڈنگ ڈویلپرز کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے کہ جنہوں نے تعمیراتی ضابطوں  کی خلاف ورزی کی ہے اور ناقص مواد استعمال کرنے  کے ذمہ دار ہیں۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے ایک سال کے اندر تباہ شدہ صوبوں میں دو لاکھ 70 ہزار مکانات کی تعمیر نو کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
 

شیئر: