سعودی وزیر خارجہ کی امریکہ اور دیگر ممالک کے وزراء خارجہ سے ملاقاتیں
جی 20 کے ایجنڈے میں شامل موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے جمعرات کو امریکہ، چین اور سپین کے وزراء خارجہ سے نئی دہلی میں الگ الگ ملاقاتیں کیں جہاں وہ جی 20 کے اجلاس میں شرکت کےلیے گئے ہوئے ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق سعودی وزیرخارجہ نے اپنے امریکی ہم منصب سے سعودی عرب اور امریکہ کے جامع سٹرٹیجک تعلقات اور مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے بنیادی امور کا جائزہ لیا۔
فریقین نے روس، یوکرین بحران سمیت اہم علاقائی اور عالمی حالات حاضرہ پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے اپنے چینی ہم منصب سے بھی ملاقات کی انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے دونوں دوست ملکوں کے مستحکم تعلقات کے نئے منظرنامے اور جامع سٹرٹیجک شراکت کے دائرے میں باہمی تعلقات مزید مستحکم بنانے کی تدابیر کا بھی جائزہ لیا۔
فریقین نے دونوں ممالک کے مفادات میں یکجہتی بڑھانے کی تدابیر پر گفتگو کی جبکہ جی 20 کے ایجنڈے میں شامل موضوعات پر نقطہ ہائے نظر پر تبادلہ خیال کیا۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے جمعرات کو نئی دہلی میں سپین کے وزیرخارجہ سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات مشترکہ تعاون اور مختلف شعبوں میں انہیں مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر بات چیت کی۔
علاوہ ازیں باہمی دلچسپی کے علاقائی وعالمی مسائل پر بھی غور کیا گیا۔
سپین اور سعودی عرب کے وزراء خارجہ نے روسی یوکرین بحران کی تازہ صورتحال اور بحران کو حل کرنے کی خاطر کی جانے والی کوششوں پر نقطہ نظر کا تبادلہ کیا۔