Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کا سیاسی اور معاشی استحکام پورے خطے کے لیے اہم ہے: اماراتی سفیر

متحدہ عرب امارات کا کہنا ہے کہ پاکستان کا سیاسی اور معاشی استحکام پورے خطے کے لیے اہم ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ بات پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزابی نے پاکستان کے وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کہی۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات 1971 میں امارات کے قیام کے ساتھ شروع ہوئے جو کو وقت کے ساتھ ساتھ زندگی کے مختلف شعبہ جات میں قریبی تعاون میں تبدیل ہوگئے۔ پاکستان متحدہ عرب امارات کو تسلیم کرنے والا پہلا ملک تھا۔ امارات پاکستان کی معاشی اور مالی امداد کا ایک اہم ذریعہ ہے۔
امارات کی جانب سے پاکستان کی مدد کے جواب میں ملک میں کئی ادارے، پل، ہوائی اڈے اور ہسپتالوں کے نام امارات کے پہلے صدر اور بانی شیخ زاید بن سلطان النہیان کے نام پر رکھے گئے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی کل آبادی کا 12.6 فیصد پاکستانیوں پر مشتمل ہے جو کہ ملک میں تارکین وطن کی دوسری بڑی آبادی ہے۔
متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے سے جاری بیان کے مطابق وزیرقانون کے ساتھ ملاقات میں اماراتی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سیاسی اور معاشی استحکام نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے اہم ہے۔
اماراتی سفیر نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔
وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات نے ہمیشہ دیرینہ دوست کی حیثیت میں پاکستان کی ہر مشکل میں ساتھ دیا۔
تارڑ نے کہا کہ معاشی استحکام میں مدد کے لیے متحدہ عرب امارات کے تعاون پر شکر گزار ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزارت قانون و انصاف پاکستان اور وزارت انصاف یو اے ای کی طرف سےدونوں ممالک کے فائدے اور عوام کی سہولت کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔

شیئر: