آسٹریلوی وزیراعظم کے دورہ انڈیا کا کرکٹ ڈپلومیسی سے آغاز
دونوں وزرائے اعظم نے قومی نشانات والی ٹوپیاں سٹیو سمتھ اور روہت شرما کے حوالے کیں (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا اور آسٹریلیا کے وزرائے اعظم نے جمعرات کے روز دونوں ممالک کے تعلقات کو کرکٹ ڈپلومیسی کا رنگ دے دیا جب انہوں نے مغربی شہر احمدآباد میں اپنی ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ میچ کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانی اور ان کے انڈین میزبان نریندر مودی نے قومی نشانات والی ٹوپیاں حریف کپتانوں سٹیو سمتھ اور روہت شرما کے حوالے کیں۔
دونوں وزرائے اعظم نے نریندر مودی کے نام سے منسوب کرکٹ سٹیڈیم کا چکر لگاتے ہوئے تماشائیوں کی طرف دیکھ کر ہاتھ ہلایا اور بعد میں میچ دیکھنے بیٹھ گئے۔
نریندر مودی اور انتھونی البانی نے دونوں ملکوں کے کرکٹ کے تعلقات کو اُجاگر کرنے کے حوالے سے ایک تصویری نمائش بھی دیکھی۔
انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ایشز ٹیسٹ سیریز کی طرح انڈیا اور آسٹریلیا بھی ٹیسٹ میچز میں ایک دوسرے کے بڑے حریف سمجھے جاتے ہیں۔
آسٹریلوی وزیراعظم بدھ کو انڈیا کے چار روزہ دورے کے آغاز پر نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات کے ایک اہم شہر احمد آباد پہنچے تھے۔
انتھونی البانی نے موہن داس گاندھی کی ایک رہائش گاہ سابرمتی آشرم کا دورہ کیا اور انڈیا کی آزادی کے رہنما کو خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے بعد میں ریاست کے گورنر کی رہائش گاہ پر ہندوؤں کے تہوار ہولی سے متعلق ایک ثقافتی تقریب میں بھی شرکت کی۔
بعدازاں آسٹریلوی وزیراعظم جمعرات کو ممبئی پہنچے جہاں انہوں نے انڈیا کے مقامی طور پر تیار کیے گئے بحری بیڑے آئی این ایس وکرانت کا معائنہ کیا۔
انڈیا اور آسٹریلیا کے وزرائے اعظم کے درمیان مذاکرات کا آغاز جمعے کو دارالحکومت نئی دہلی میں ہوگا۔