Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’چاند دیکھنے کے نام پر موجیں،‘ رویت ہلال کمیٹی کے کھانے سوشل میڈیا پر زیر بحث

سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد کھانوں کا نوٹیفیکیشن واپس لے لیا گیا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
صوبہ خیبرپختوانخوا کے شہر پشاور میں ماہ رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے دوران پرتکلف کھانوں کے اہتمام کے لیے جاری کیے جانے والا نوٹیفیکیشن واپس لے لیا گیا ہے۔
اس سے قبل محکمہ اوقاف کی جانب سے 22 مارچ کو بلائے جانے والے اس اجلاس میں 100 وی آئی پی اور 100 عام افراد کے لیے پرتکلف کھانوں کا آرڈر دیا گیا تھا۔
100 وی آئی پی افراد کے لیے دم پخت، بیف والے نارنج چاول، مکس سبزیاں، چکن تکہ بوٹی، نان، سیخ کباب، رشین سلاد، تازہ سلاد، حلوہ، منرل واٹر اور کولڈ ڈرنکس جبکہ عام افراد کے لیے بیف والے نارنج چاول، چکن کری، مکس سبزیاں، حلوہ، نان اور کولڈ ڈرنکس کے اہتمام کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔
صرف یہی نہیں استقبالیہ کے لیے بلیک ٹی، پیسٹری، پیٹیز، سینڈوچ اور بسکٹ بھی منگوائے جانے تھے۔
رویت ہلال کمیٹی کے اس نوٹیفیکیشن کے منظر عام پر آنے کے بعد خیبر پختونخوا کی صوبائی وزارت مذہبی امور کی جانب سے اس نوٹیفیکیشن کو فوری طور پر واپس لینے کا حکم دیا گیا ہے۔
اس حکم نامے میں لکھا گیا ہے کہ ’معزز وزیر نے اس ٹینڈر نوٹس کو فوری طور پر واپس لینے کا حکم دیا ہے اور اگلے 12 گھنٹوں کے اندر اس معاملے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
صوبائی وزیر کی جانب سے حکم دیا گیا ہے کہ صوبائی وزارت قومی خزانے کو مد نظر رکھتے ہوئے اخراجات کا تخمینہ لگائے جبکہ رویت ہلال کمیٹی کے اراکین ہمارے مہمان ہیں اور یہ دعوت صرف رویت ہلال کمیٹی کے اراکین کو ہی دی جائے۔
رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں پرتکلف کھانوں کے اہتمام پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی صارفین تبصرے کر رہے ہیں۔
صحافی عمر قریشی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’واہ واہ، کیا بات ہے خیبرپختونخوا کی رویت ہلال کمیٹی کی۔‘
اینکر پرسن اور یوٹیوبر عمران ریاض نے مزاحیہ انداز میں تبصرہ کیا کہ ’رویت ہلال کمیٹی کے کھابے چیک کرو دنیا چاند پر پہنچ گئی اور ہمارے یہاں چاند دیکھنے کے نام پر موجیں ہو رہی ہیں۔
فرقان صدیقی نے سوشل میڈیا کی طاقت کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ہے سوشل میڈیا کی طاقت۔ خیبرپختونخوا کی حکومت نے رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں پرتکلف عشائیے کا ٹینڈر واپس لے لیا ہے۔

شیئر: