خلیجی ممالک میں کن افراد کو سعودی عرب کا سیاحتی ویزا جاری نہیں ہوگا؟
جمعرات 8 ستمبر 2022 10:58
’لیبر، نرس اور ڈرائیور کو سعودی عرب کا سیاحتی ویزا نہیں مل سکتا‘ ( فوٹو: سبق)
خلیجی ممالک میں مقیم غیر ملکیوں کو سعودی عرب آنے کے لیے سیاحتی ویزا جاری کیا جا سکتا ہے تاہم تین پیشے اس سے مستثنیٰ ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق خلیجی ممالک کے علاوہ شنگن، امریکہ اور برطانیہ کا ویزہ حاصل کرنے والے لیبر، نرس اور ڈرائیور کو سعودی عرب کا سیاحتی ویزا نہیں مل سکتا۔
سعودی وزارت سیاحت نے کہا ہے کہ ’خلیجی ممالک میں مقیم اقامہ ہولڈر اور اس کے ساتھ آنے والے اہل خانہ یا گھریلو عملے کو آن لائن سیاحتی ویزہ مل سکتا ہے‘۔
’اس کے لیے شرط یہ ہے کہ خلیجی ممالک میں مقیم افراد کے اقامے میں کم سے کم تین ماہ کی مدت باقی ہو‘۔
’علاوہ ازیں خلیجی ریاست میں مقیم غیر ملکی کا اقامے میں پیشہ لیبر، نرس اور ڈرائیور نہ ہو‘۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے خلیجی ممالک میں مقیم غیر ملکیوں سمیت شنجن، امریکہ اور برطانیہ کا ویزا حاصل کرنے والے افراد کو آن لائن سیاحتی ویزا جاری کرنے کا سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔