Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اردن کی شہزادی ایمان بنت عبداللہ دوم کی شادی، تقریب ٹی وی پر براہ راست نشر

ولی عہد حسین عبداللہ کی سعودی منگیتر رجوہ خالد اس تقریب میں مدعو تھیں۔ فوٹو عرب نیوز
اردن کی شہزادی ایمان بنت عبداللہ دوم کی اتوار کو جمیل الیگزینڈر تھرمیوتیس سے عمان کے بیت الاردون محل میں شادی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں شاہی خاندان اور متعدد معززین نے شرکت کی۔
عرب نیوز کے مطابق اردن کے ولی عہد حسین بن عبداللہ دوم کی سعودی منگیتر رجوہ خالد السیف بھی شادی کی تقریب میں شریک تھیں۔

شہزادی ایمان شاہ عبداللہ دوم اور ملکہ رانیہ کی بڑی بیٹی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

شادی کی تقریب مقامی وقت شام 6 بجے ملک کی قومی ٹیلی ویژن سروس اردن ٹی وی پر نشر کی گئی جس میں عرب ممالک کے مندوبین کے علاوہ 150 مہمان شریک تھے۔
اردن کے قومی ٹیلی ویژن نے تقریب براہ راست نشر کر کے اردنی عوام اور دنیا بھر کے دیکھنے والوں کو شاہی محل کے اندر کے مناظر اور جھلک دیکھنے کا موقع فراہم کیا۔
شادی کی تقریب میں معزز شخصیات میں ابوظبہی ایگزیکٹو آفس کے چیئرمین شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان، بحرین کے شیخ عیسیٰ بن سلمان بن حمد الخلیفہ اور شیخ سلمان بن احمد الخلیفہ کے علاوہ کویت کی شیخہ امثال الاحمد الجابر الصباح  بھی موجود تھیں۔
تقریب میں مصر کی موجودہ خاتون اول انتصار عامر بھی شادی میں شریک ہوئیں۔

 تقریب سے قبل شادی کی مصروفیات کو منظرعام پر نہیں لایا گیا تھا۔ فوٹو عرب نیوز

شہزادی ایمان شاہ عبداللہ دوم اور اردن کی ملکہ رانیہ العبداللہ کی سب سے بڑی بیٹی ہیں جبکہ  جمیل تھرمیوتیس نیویارک میں واقع وینچر کیپیٹل فنڈ میں منیجنگ پارٹنر ہیں۔
ہیلو میگزین کے مطابق جمیل تھیرمیوتیس یونان نژاد ہیں اور وہ وینزویلا کے شہر کراکس میں 1994 میں پیدا ہوئے تھے۔
اس پروقار تقریب سے پہلے شادی کی مصروفیات کی تفصیلات کو منظر عام پر نہیں لایا گیا تھا۔ واضح رہے کہ اردن کی ملکہ رانیہ نے گزشتہ ہفتے کے آخر میں سوشل میڈیا پر دلہن کی شادی سے پہلے کی مہندی پارٹی کی ایک جھلک شیئر کی ہے۔

اردنی عوام کو شاہی محل کے اندر کے مناظر دیکھنے کا موقع ملا۔ فوٹو عرب نیوز

ملکہ رانیہ نے سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کی ہے جسے ایمان کی مہندی پارٹی میں 'دوستوں اور کنبے کے ساتھ ایک ہی چھت تلے بے انتہا محبت کے ساتھ'  کا عنوان دیا گیا ہے۔
تقریب میں معروف فیشن ڈیزائنر ریما دہبور کے سفید گاؤن میں شہزادی ایمان کی تصاویر کے ساتھ ساتھ ایک بیلٹ بھی شامل ہے جو ملکہ رانیہ نے 1993 میں شاہ عبداللہ دوم سے اپنی شادی کے دوران پہنی تھی۔

جمیل الیگزینڈر نے بزنس ایڈمنسٹریشن میں 2015 میں گریجویشن کی ہے۔ فوٹو عرب نیوز

جمیل الیگزینڈر تھرمیوٹیس نے فلوریڈا انٹرنیشنل یونیورسٹی سے سپیشلائزیشن ان بزنس ایڈمنسٹریشن اینڈ بزنس کے شعبے میں 2015 میں گریجویشن کی ڈگری حاصل کی ہے۔
انہوں نے گریجویشن کے بعد نیو یارک میں واقع وینچر کیپیٹل فنڈ میں جانے سے پہلے آؤٹ باؤنڈ وینچرز ایل ایل سی کے نام سے ایک وینچر کیپیٹل فرم کی سربراہی کی ہے۔

شیئر: