Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بارش تو بارش ساتھ میں اولے بھی آئے ہائے‘ کراچی کے شہری خوش

ٹوئٹر پر بارش کی ویڈیو میں اولے زمین پر بکھرے ہوئے موتیوں جیسے نظر آرہے ہیں (فائل فوٹو: پاکستان ویدر فورکاسٹ)
پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں بارش کے بعد موسم خوش گوار ہوگیا ہے۔
کراچی میں بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری بھی آئی جس کے باعث شہری خوش ہوگئے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بارش کی ویڈیو میں اولے زمین پر بکھرے ہوئے موتیوں جیسے نظر آرہے ہیں۔
کراچی میں عمومی طور پر بارش کم ہوتی ہے اور جب ہوتی ہے تو شہری اسے خوب انجوائے کرتے ہیں۔
اسی سلسلے میں ٹوئٹر پر کراچی کے باسی بارش کے موسم میں خوب ٹویٹس کر رہے ہیں، تاہم کئی ٹوئٹر صارفین کی جانب سے شکوے اور مایوسی کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے کہ اُن کے علاقے میں بارش نہیں ہو رہی۔
ٹوئٹر ہینڈل جٹ اینڈ کڑی نے اپنی ٹویٹ میں ژالہ باری کی ویڈیو اپلوڈ کی جس میں اولے زمین پر موتیوں کی طرح چمکتے ہوئے دکھائی دیے، انہوں نے پوچھا کہ ’یہ کراچی ہے؟ یقین نہیں آرہا۔‘
احسن اقبال نے بارش کی اپڈیٹ دیتے ہوئے لکھا کہ ’کراچی میں اولوں کے ساتھ ہلکی پھلکی بارش۔ موسم خوش گوار۔‘
ٹوئٹر ہینڈل اینڈ لیس لائف نے ٹویٹ کی کہ ’کراچی میں یہ کتنا خوب صورت نظارہ ہے۔ بارش تو بارش ساتھ میں اولے بھی آئے ہائے۔‘
نُوریہ عمران نے بارش سے متعلق حیرت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’یقین نہیں آرہا کہ کراچی میں بارش ہو رہی ہے وہ بھی اتنی اچھی۔‘
ٹو سالٹی نے اپنے علاقے میں بارش نہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں کراچی کے اُس حصے میں رہتی ہوں جہاں بارش کا کوئی نام و نشان نہیں۔‘
اِزما صدیقی نے بھی کچھ ایسا ہی شکوہ کیا کہ ’یہ موسم کے ساتھ کیا مسئلہ ہے بھئی۔ آدھے کراچی میں بارش ہو رہی ہے اور یہاں شدید دھوپ ہے۔‘
سائفر وار لارڈ نامی صارف نے سورج کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’آدھے کراچی میں بارش ہو رہی ہے، وہ بھی اولوں کے ساتھ اور دوسری جانب سورج ہمیں جلا رہا ہے۔‘
 

شیئر: