Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاک عرب ریفائنری سے تیل چوری کرنے والے گروہ کا سرغنہ گرفتار

پارکو انتظامیہ نے پولیس سے تیل چوری میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ (فائل فوٹو: پارکو)
کراچی پولیس نے پاک عرب ریفائنری لمیٹڈ کی پائپ لائن سے خام تیل چوری کرنے والے گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق حراست میں لیے شخص سے 80 لیٹر کے قریب چوری شدہ خام تیل بھی برآمد ہوا ہے۔
ڈی آئی جی پولیس ساؤتھ عرفان بلوچ کے ترجمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ پاک عرب ریفائنری لمیٹڈ (پارکو) کی جانب سے 15 مارچ کو ایک درخواست دی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ کراچی سی ویو کے مقام پر پارکو کی کیماڑی سے کورنگی گزرنے والی خام تیل کی سپلائی لائن سے نامعلوم افراد نے تیل چوری کرنے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے پولیس کو واقعہ کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ کمپنی کے سپروائزر نے فون پر اطلاع دی کہ سی ویو پر کروڈ آئل کی بو آنے کی اطلاع ہے۔ جس پر فوری سی ویو کا دورہ کیا اور میشنوں کی مدد سے سپلائی لائن کا جائزہ لیا تو معلوم ہوا کہ ’سیوریج لائن کے قریب سے گزرنے والی زِیرزمین پارکو کی خام تیل کی سپلائی لائن میں نامعلوم افراد نے لوہے کا کلپ لگا رکھا ہے جس کے ساتھ ایک پائپ بھی لگا ہے۔ نامعلوم افراد کی جانب سے تیل چوری کرنے کے لیے یہ کلپ اور پائپ لگایا گیا۔‘
پارکو انتظامیہ نے درخشاں پولیس تھانے سے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کا مقدمہ درج کیا جائے اور اس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔

پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے 80 لیٹر کے قریب چوری شدہ خام تیل ملا ہے۔ (فوٹو: کراچی پولیس)

پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کیا۔ ایس ایس پی ساؤتھ سید اسد رضا کی جانب سے تیل چوری میں ملوث ملزمان کی گرفتای کے لیے ٹیم تشکیل دی گئی اور انٹیلیجنس بنیاد پر ضلع کے مختلف علاقوں میں کارروائی کی گئی۔
پولیس ترجمان کے مطابق پولیس نے کراچی کے علاقے کیماڑی سکندر آباد سے کامران نامی ایک شخص کو حراست میں لیا جس کے قبضے سے 80 لیٹر کے قریب چوری شدہ خام تیل ملا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم اور اس کے دو ساتھی شعیب اور شاہد مذکورہ پائپ لائن سے تیل چوری کرکے فروخت کر رہے تھے۔
پولیس ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار کیے گئے ملزم کا کرمنل ریکارڈ حاصل کر لیا ہے۔ اس سے قبل بھی ملزم کے خلاف جیکسن اور بوٹ بیسن تھانے سمیت تین تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔
ملزم کے خلاف تھانہ درخشاں میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

شیئر: