Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور وینس کے درمیان براہ راست پروازیں شروع

نئی براہ راست پروازیں مفاہمت کی ایک یادداشت کے تحت چلائی گئی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب اور اٹلی کے سب سے مشہور سیاحتی مقام وینس کے درمیان بدھ کو پہلی براہ راست پرواز روانہ ہوئی۔
عرب نیوز کے مطابق تاریخی لگون شہر اور سعودی عرب کے دوسرے سب سے بڑے شہر جدہ کے درمیان کم لاگت والی ہنگری کی ایئر لائن ’ویز ایئر‘ کے ساتھ پروازیں ہفتے میں دو بار چلائی جائیں گی جو سارا سال چلتی رہیں گی۔
نئی براہ راست پروازیں مفاہمت کی ایک یادداشت کے تحت چلائی گئی ہیں جس پر ’ویز ایئر‘ نے سعودی وزارت سرمایہ کاری کے ساتھ دستخط کیے تھے۔
اس یادداشت کا مقصد وژن 2030 کے اصلاحاتی پروگرام کے مطابق مملکت کے سیاحت کے شعبے کی ترقی کو بڑھانا ہے۔
ویز ایئر نے حالیہ مہینوں میں اطالوی اور سعودی شہروں کے درمیان دوسری براہ راست پروازیں شروع کیں جن میں روم سے دمام اور ریاض، اور میلان سے جدہ شامل ہیں۔
وینس کے مارکو پولو ایئرپورٹ پر پہلی وینس سے جدہ کے لیے پرواز کی روانگی کو سلامی دی گئی جس میں میئر کے نمائندے نے شرکت کی۔
ویز ایئر مالٹا کی کارپوریٹ کمیونیکیشن مینیجر تمارا نکیفوروا نے کہا کہ ’ہم اٹلی سے سعودی عرب میں اپنا فلائیٹ آپریشن میں توسیع کرنے پر خوش ہیں جو صرف چند ماہ قبل شروع ہوا تھا اور کامیاب ثابت ہوا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’جدہ سے یہ نیا  تعلق وینس مارکو پولو ہوائی اڈے سے روانہ ہونے والے تمام مسافروں کو اس شہر کے بے پناہ تاریخی، فنکارانہ اور ثقافتی ورثے سے مستفید ہونے کا موقع دے گا۔‘

شیئر: