Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزٹ ویزے کی ایکسپائری پر جرمانہ کس صورت میں عائد ہوگا؟

وزٹ ویزے پرآنے واللے مقررہ مدت کے اندرمملکت سے ایگزٹ کریں ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں وزٹ ویزے کے ضوابط پرعمل کرنا ضروری ہے۔ قانون کے مطابق وزٹ ویزے کی مدت ختم ہونے سے قبل مملکت سے ایگزٹ کرنا ہوتا ہے۔
مملکت میں فیملی وزٹ ویزے دو طرح کے جاری کیے جاتے ہیں۔ ایک ویزا سنگل انٹری ہوتا جس کی انتہائی مدت 180 دن ہوتی ہے۔ دوسری قسم کے ویزے جسے ملٹی پل انٹری ویزا کہا جاتا ہے اس کی مدت ایک برس ہوتی ہے اس ویزے پرآنے والے 180 دن ختم ہونے سے قبل مملکت سے ایگزٹ کرنے کے بعد دوبارہ اسی ویزے پرمملکت آکر مزید 6 چھ ماہ قیام کرسکتے ہیں۔
 وزٹ ویزے کی ایکسپائری کے حوالے سے ایک شخص نے جوازات سے دریافت کیا ’وزٹ ویزے کی ایکسپائری پر جرمانہ عائد کیا جاتا ہے، اس کا طریقہ کیا ہے؟‘۔ 
سوال کے جواب میں جوازات کے ٹوئٹرپرکہا گیا کہ ’جوافراد وزٹ ویزے پرآتے ہیں انہیں چاہیے کہ سزا اور جرمانے سے بچنے کےلیے مقررہ وقت پر واپس لوٹ جائیں‘۔
’ایسے افراد جوخلاف ورزی کے مرتکب ہوتے ہیں اور ان کا ویزا ایکسپائر ہوجاتا ہے انہیں جوازات کے ادارے سے وقت حاصل کرنے کے بعد وزٹ ویزے کے امور کے شعبے سے رجوع کرنا ہوگا جہاں متعلقہ افسر معاملے کے مطابق فیصلہ کرنے کا مجاز ہے‘۔ 
واضح رہے  سنگل انٹری ویزے کی انتہائی مدت 6 ماہ ہوتی ہے جبکہ ملٹی انٹری ویزا ایک برس کےلیے ہوتا ہے تاہم ہردو ویزے کی ماہانہ بنیاد پرتجدید کرائی جاتی ہے۔ 
ایسے وزیٹرز جو ملٹی انٹری ویزے پرآتے ہیں ان کے لیے لازمی ہے کہ وہ 6 ماہ ختم ہونے سے قبل مملکت سے ایگزٹ کریں اوردوبارہ آئیں جس پران کے ویزے کی مدت میں توسیع کردی جاتی ہے بعدازاں وہ مزید 6 ماہ مملکت میں قیام کرسکتے ہیں تاہم اس دوران انہیں ہرماہ ویزے کی تجدید کرانا ہوتی ہے۔ 
وزٹ ویزے کے حوالے سے ایک اور شخص نے دریافت کیا ’وزٹ ویزا ایکسپائرہونے کے دودن بعد مملکت سے ایگزٹ کیاجاسکتا ہے؟‘۔ 

مملکت میں ایکسپائر ویزے پرایگزٹ کی کارروائی نہیں کی جاسکتی ( فوٹو: ٹوئٹر جوازات)

سوال کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ’ قانون کے مطابق وزٹ ویزے پرآنے والوں کے لیے لازمی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر مملکت سے ایگزٹ کریں‘۔  
وزیٹرجس وقت مملکت سے ایگزٹ کررہے ہوں ان کا ویزا کارآمد ہونا ضروری ہے۔ ایکسپائرویزے پرامیگریشن کی کارروائی نہیں کی جاسکتی۔ 
واضح رہے بین الاقوامی امیگریشن قوانین کے مطابق کسی بھی ملک کے امیگریشن آفس میں ایکسپائر ویزے پرایگزٹ کی کارروائی نہیں کی جاسکتی۔ 
قانون کے مطابق وزٹ ویزے پرآنے والے ایسے افراد جو کسی وجہ سے مقررہ وقت کے اندر سفر نہ کرسکیں انہیں چاہئے کہ وہ ویزا ایکسپائرہونے سے زیادہ سے زیادہ 7 دن قبل ویزے کی مدت میں توسیع کرالیں۔ 
ویزا ایکسپائر ہونے کے 3 دن کے اندر بھی توسیع کرائی جاسکتی ہے تاہم بعدازاں ایگزٹ کی کارروائی دشوار ہوجاتی ہے جس کےلیے انہیں جوازات کے شعبے وزٹ سے رجوع کرنا ہوتا ہے۔
موجود اہلکار کو معاملے کے بارے میں تفصیل سے مطلع کیاجائے اور تاخیر کی جائز وجہ بھی بیان کی جائے جس کے بعد متعلقہ افسر وزٹ ویزے میں ہونے والی تاخیر پراپنا فیصلہ صادر کرتا ہے جس کے بعد ایگزٹ کے لیے انتہائی محدود وقت دیاجاتا ہے۔

شیئر: