Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جمعرات کو عید کے چاند کا نظر آنا ممکن نہیں: ماہرین فلکیات

’13 ممالک سے تعلق رکھنے والے 25 ماہرین نے مشترکہ بیان جاری کیا‘ (فائل فوٹو: سبق)
13 ممالک سے تعلق رکھنے والے فلکی علوم کے 25 ماہرین نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’جمعرات کو عید کا چاند دیکھنا ناممکن ہے۔‘
سبق ویب سائٹ کے مطابق فلکی علوم کے ماہرین نے کہا ہے کہ ’تمام اسلامی ممالک میں رویت ہلال نہ خالی آنکھ سے دیکھا جاسکتا ہے نہ ہی جدید ترین دوربین استعمال کرنے سے نظر آئے گا۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ ’شرعی رویت کے لیے ضروری ہے کہ چاند اُفق پر 6 درجے اوپر نمودار ہو۔‘
ماہرین کے مطابق ’جمعرات کو چاند مکہ میں 5.1 درجے، بیت المقدس میں 5.4 درجے، قاہرہ میں 5.5 درجے جبکہ أبو ظبی میں 4.7 درجے اوپر ہوگا۔‘
’جن ممالک میں فلکی حساب سے ہلال کی ولادت ثابت ہو اور آنکھ سے مشاہدہ ضروری نہ ہو یا کسی بھی دوسرے ملک میں چاند دیکھنا ثابت ہوجائے اور اس مشاہدے کو مان لیا جائے وہاں جمعہ 21 اپریل کو عید ہوگی۔‘
فلکیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ’جن ممالک میں جہاں مقامی طور پر چاند کا مشاہدہ ضروری مانا جاتا ہو خواہ خالی آنکھ سے ہو یا دور بین کے ذریعے ہو وہاں رمضان 30 دن کا ہوگا جبکہ عید سنیچر 22 اپریل کو ہوگی۔‘

شیئر: