Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصر میں تین بھائیوں نے بیک وقت بیویوں کو طلاق کیوں دی؟

بہن اپنے بیمار شوہر کی وجہ سے والدہ کی تیمارداری نہیں کر پا رہی تھی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
مصر کے معروف سیاحتی علاقے الاقصر میں پیش آنے والے ایک واقعے نے لوگوں کو حیران کر دیا۔ اس علاقے میں تین سگے بھائیوں نے اپنی بیویوں کو ایک ہی وقت میں ایک ہی وجہ سے طلاق نامے تھما دیے۔ 
الامارات الیوم کے مطابق الاقصر کمشنری کے جس قریے میں اجتماعی طلاق کا واقعہ پیش آیا وہ  قدامت پسند مانا جاتا ہے۔  
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تینوں بھائیوں نے بیویوں کو اپنی ماں کی خدمت مطلوبہ طریقے سے نہ کرنے پر طلاق دی ہے۔  
تینوں آدمیوں کی بہن ہفتے میں دو دن اپنی ماں کی خدمت کے لیے آیا کرتی تھی تاہم اپنے شوہرکی بیماری کی وجہ سے وہ ان دنوں ماں کی خدمت کے لیے نہیں آ پا رہی تھی۔
الامارات الیوم کے مطابق طے پایا تھا کہ بھائیوں کی بیویاں والدہ کے مختلف کاموں میں مدد کریں گی۔ تینوں نے اپنی بیویوں کو اس حوالے سے تاکید کر دی تھی مگر عید کے موقع پر جب تینوں بھائی گھر لوٹے تو محلے کی ایک بوڑھی خاتون ان کی ماں کو نہلا رہی تھی۔ یہ دیکھتے ہی تینوں آپے سے باہر ہوگئے اور انہوں نے اپنی بیویوں کو طلاق دے دی۔ 
انہوں نے اپنی بیویوں کے رشتہ داروں کو فون کر کے کہا کہ ’ان کی بیٹیوں کے لیے ہمارے یہاں کوئی جگہ نہیں اور وہ انہیں ہمارے یہاں سے لے جائیں۔‘
اجتماعی طلاق کی خبر پورے علاقے میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ لوگوں کو اس حوالے سے حیرانی ہوئی کیونکہ تینوں کی شادی کا یہ پہلا سال تھا۔ 
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: