Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ٹوئٹر کے ساتھ کیا مسئلہ ہے؟‘ صارفین فالوورز میں کمی سے پریشان

صارفین کا کہنا ہے کہ ان کے فالوئرز بغیر کسی وجہ کے کم ہوتے جا رہے ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین کی جانب سے فالوورز کی تعداد میں کمی ہونے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔
صارفین کا کہنا ہے کہ ان کے فالوورز بغیر کسی وجہ کے کم ہوتے جا رہے ہیں۔
ایک دم سے فالوورز کی تعداد میں تیزی سے کمی ہونے کے باعث ٹوئٹر صارفین نہ صرف حیرانی کا اظہار کر رہے ہیں بلکہ یہ سوالات بھی پوچھتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ آخر اس کی وجہ کیا ہے۔
اس سے قبل ٹوئٹر خریدنے سے پہلے دنیا کی امیر ترین شخصیات میں شامل ایلون مسک کئی مرتبہ کہہ چکے تھے کہ جب ٹوئٹر اُن کی مالکیت میں آئے گا تو وہ پلیٹ فارم سے بوٹس یعنی جعلی اکاؤںٹس کا خاتمہ کردیں گے۔
تاہم ٹوئٹر پر کئی تبدیلیوں کے باجود پلیٹ فارم سے بوٹ اکاؤںٹس کا مکمل طور پر صفایا نہیں ہو سکا ہے اور ابھی تک جعلی اکاؤنٹس ٹوئٹر پر سرگرم ہیں۔
تحریم سہیل نے اپنی ٹویٹ میں فالوورز کم ہونے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا کہ ’ ٹوئٹر فالوورز کے ساتھ کچھ ہو رہا ہے یا پھر صرف میرے ٹوئٹر میں ہی گڑ بڑ ہو رہی ہے؟‘
ٹوئٹر ہینڈل نومز لکھتے ہیں کہ ’یہ نہیں ہے کہ میں فالوورز کی پروا کرتا ہوں لیکن ٹوئٹر نے خود بخود میرے ایک ہزار فالوورز کم کر دیے ہیں۔‘
اسد باجوہ نے شکایت کی کہ ’کیا صرف میرے ہی بغیر کسی وجہ سے فالوورز کم ہو رہے ہیں یا باقی لوگوں کے ساتھ بھی ایسا ہو رہا ہے؟ ایک ہی بار میں 200 کم ہو گئے۔ ٹوئٹر کے ساتھ کیا مسئلہ ہے؟‘
مہرین نامی صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’صرف فالوورز ہی نہیں، میں اپنی جینے کی آس بھی کھو رہی ہوں۔‘
ٹوئٹر انتظامیہ کی جانب سے ابھی فالوورز میں کمی کے حوالے سے کوئی وضاحت سامنے نہیں آ سکی ہے۔

شیئر: