ریاض میں دوسری’مڈل ایسٹ پولٹری ایکسپو‘
تین روہ نمائش میں 37 ممالک کی کمپنیاں شرکت کررہی ہیں (فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی درالحکومت ریاض میں دوسری مڈل ایسٹ پولٹری ایکسپو کا آغاز کل بروزاتوار سے کیا جارہا ہے۔ نمائش کی سربراہی وزیرماحولیات، پانی اورزراعت عبدالرحمان الفضلی کریں گے۔
اخبار24 کے مطابق نمائش کا عنوان ’روشن مستقبل کی تعمیرکےلیے عالمی ایجادات‘ رکھا گیا ہے۔ مڈل ایسٹ نمائش تین دن تک جاری رہے گی جس میں 37 ممالک کی 300 سے زائد پولٹری مصنوعات سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں کے نمائندے شرکت کررہے ہیں۔
نمائش میں پولٹری مصنوعات سے متعلق 500 سے زائد اشیا پیش کی جائیں گی جو نہ صرف مشرق وسطی بلکہ شمالی افریقہ کی مارکیٹ کے لیے بہترین ثابت ہوں گی۔
پولٹری مصنوعات نمائش کےلیے جومرکز مخصوص کیا گیا ہے وہ 11 ہزار مربع میٹرپرمحیط ہے جس میں پولٹری سے متعلق اشیا جن میں مختلف اقسام کی فیڈز، ادویات ، مثالی خوراک کے علاوہ چارہ اورچارہ بنانے کی چکیاں شامل ہیں۔
نمائش میں پولٹری مصنوعات سے متعلق عالمی ماہرین کے لیکچرز بھی ہوں گے جن کے ذریعے اس صنعت سے وابستہ افراد کو اہم جدید سائنسی معلومات مہیا کی جاسکیں گی۔
واضح رہے سعودی عرب میں پولٹری کی صنعت کا شمار اہم اوربڑی صنعتوں میں ہوتا ہے ، توقع ہے کہ سال 2025 تک مملکت 80 فیصد تک مرغیوں کے گوشت میں خود کفیل ہوجائے گا۔