Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرفان خان آپ کو مِس کر رہی ہوں، دیپیکا پاڈوکون جذباتی

پیکو واحد فلم ہے کہ جس میں دیپیکا پاڈوکون نے عرفان خان کے ساتھ کام کیا (فوٹو: دیپیکا انسٹاگرام)
بالی وڈ اداکارہ دیپیکا پاڈوکون 2015 میں عرفان خان اور امیتابھ بچن کے ساتھ ریلیز ہونے والی اپنی فلم پیکو کی آٹھویں سالگرہ پر جذباتی ہو گئیں اور کہا وہ عرفان خان کی کمی محسوس کر رہی ہیں۔
پیر کو دیپیکا پاڈوکون نے انسٹاگرام پر کی گئی پوسٹ میں امیتابھ بچن کے لیے بھی پیار بھیجا جنہوں نے اس ایوارڈ یافتہ فلم میں ان کے والد کا کردار نبھایا تھا۔
دیپیکا پاڈوکون نے کہا کہ انہیں اگر یہ فلم دوبارہ کرنے کا موقع ملے تو وہ اسے دل و جان سے کریں گی۔
بالی وڈ اداکارہ نے اس فلم کی کچھ تصاویر بھی شیئر کیں۔ انہوں نے لکھا کہ ’اس فلم کو ریلیز ہوئے آٹھ برس گزر چکے جس میں دو بہت ہی خاص لوگوں کے ساتھ کام کیا۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’اگر مجھے یہ تجربہ دوبارہ کرنے کا موقع ملے تو اسے پورے جذبے کے ساتھ کروں گی۔‘
ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ’عرفان خان میں آپ کی کمی محسوس کر رہی ہوں۔‘
پیکو واحد فلم ہے کہ جس میں دیپیکا پاڈوکون نے عرفان خان کے ساتھ کام کیا۔ اس فلم میں اداکارہ نے امیتابھ بچن کی بیٹی پیکو کا کردار ادا کیا تھا۔ فلم میں عرفان خان (رانا) اور دیپیکا پاڈوکون (پیکو) دہلی سے کلکتہ جاتے ہوئے سفر کے دوران ملے تھے۔
اس فلم کے لیے امیتابھ بچن کو بہترین ایکٹر کا نیشنل ایوارڈ دیا گیا تھا۔

شیئر: