Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب سربراہ کانفرنس : شامی صدر بشار الاسد سمیت عرب رہنما جدہ پہنچ گئے

شامی صدر بشار الاسد جمعرات کی شام جدہ پہنچے ہیں(فوٹو ایس پی اے)
شامی صدر بشار الاسد  32 ویں عرب سربراہ کانفرنس میں شرکت کے لیے جمعرات کو جدہ پہنچ گئے۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق نائب گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ بدر بن سلطان بن عبدالعزیز، عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل ابو الغیط، میئر جدہ صالح بن علی الترکی، ڈائریکٹر پولیس مکہ مکرمہ میجر جنرل صالح الجابری اور شاہی پروٹوکول کے سیکریٹری فہد الصھیل نے جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شامی صدر کو خوش آمدید کہا۔

 سلطنت عمان کے فرمانروا کے نمائندہ خاص بھی کانفرنس میں شریک ہیں(فوٹو ایس پی اے)

العربیہ نیٹ کے مطابق اس سے قبل شامی ایوان صدارت کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ صدر بشار الاسد  12 سال کی غیر حاضری کے بعد پہلی بار عرب سربراہ کانفرنس میں شرکت کے لیے جمعرات کو جدہ جارہے ہیں۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے شامی صدر کو عرب سربراہ کانفرنس میں شرکت کا دعوت نامہ بھیجا تھا۔ 
اس سے قبل سعودی عرب نے 10 سال کے انقطاع کے بعد شام کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کرتے ہوئے دمشق میں سفارتخانہ دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔
یاد رہے کہ شامی بحران کے تناظر میں 2011 کے دوران عرب لیگ میں شام کی رکنیت معطل کردی گئی تھی۔

 مصری صدر کانفرنس میں شرکت کےلیے سب سے پہلے جدہ  پہنچے(فوٹو ایس پی اے)

سربراہ کانفرنس میں شرکت کے لیے عرب قائدین کی آمد کا سلسلہ جمعرات کو رات گئے تک جاری رہا۔ فلسطینی صدر محمود عباس جدہ پہنچ چکے ہیں۔ سب سے پہلے مصری صدر عبدالفتاح السیسی پہنچے تھے۔ بحرینی فرمانروا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ، ماریطانیہ کے صدر محمد ولد الشیخ احمد الغزوانی، لبنانی وزیراعظم نجیب میقاتی، سلطنت عمان کے فرمانروا کے نمائندہ خاص  اور نائب وزیراعظم اسعد بن طارق آل سعید،  یمنی صدر ڈاکٹر رشاد محمد العلیمی، تیونس کے صدر قیس بن سعید، لیبیا کے  صدر محمد یونس المنفی اور صومالیہ کے صدر ڈاکٹر حسمن شیخ محمود  کانفرنس میں شرکت کے لیے جدہ  پہنچ چکے ہیں۔
جدہ میں آج رات اور کل جمعے کو سربراہ سربراہ کانفرنس میں شرکت کے لیے آئے ہوئے قائدین دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔ سعودی عرب سربراہ کانفرنس کی میزبانی اپنے علاقائی اور بین الاقوامی قائدانہ کردار کے تحت کررہا ہے۔ سعودی عرب عرب ممالک کے قائدین کے ساتھ رابطے بڑھانے اور باہمی دلچسپی کے امور و مسائل پر عربوں کے درمیان یکجہتی پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: