ایک ماہ میں 43 ہزار سے زیادہ عازمین حج کو صحت خدمات کی فراہمی
ایک ماہ میں 43 ہزار سے زیادہ عازمین حج کو صحت خدمات کی فراہمی
اتوار 18 جون 2023 22:18
28 ہزار عازمین نے مسجد نبوی سے متصل عارضی ہیلتھ سینٹرز سے رجوع کیا(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ’ ایک ماہ میں ذوالقعدہ کے آغاز سے اب تک 43 ہزار سے زیادہ عازمین حج کو ہسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز میں صحت خدمات فراہم کی گئی ہیں‘۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت صحت کا کہنا ہے’28 ہزار878 عازمین حج نے مسجد نبوی سے متصل عارضی ہیلتھ سینٹرز میں صحت خدمات سے رجوع کیا جبکہ ہسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈ سے تین ہزار365 عازمین کو خدمات فراہم کی ہیں‘۔
وزارت نے کہا کہ ’ایک ماہ میں چاراوپن ہارٹ سرجریاں کی گئیں۔ مختلف ملکوں کے 51 عازمین کا جو امراض قلب میں مبتلا تھے معائنہ کیا گیا۔ 44 کا آپریشن کیا گیا جبکہ متعدد عازمین حج کے 98 ڈائیلاسسز سیشن کیے گئے‘۔
وزارت صحت نے بیان میں کہا کہ ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ عازمین حج کو مختلف مقامات پر صحت آگہی فراہم کی گئی۔
یہ طبی نگہداشت سعودی حکومت کی طرف سے حج سیزن میں حجاج کی آمد ورفت کے تمام مقامات پر فراہم کی جانے والی خدمات کا ایک اہم حصہ ہے۔