Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ضلع باجوڑ میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 3 دہشت گرد ہلاک

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے علاقے کو کلیئر کیا جا رہا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان فوج نے ضلع باجوڑ میں ایک آپریشن کے دوران تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
بدھ کو پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق 27 جون کو سکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ کے علاقے عنایت قلعہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر انٹیلیجنس بنیادوں پر ایک آپریشن کیا۔
’آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کے کمانڈر شفیع سمیت تین دہشت گرد مارے گئے۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے جانے والے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ یہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کی ہلاکتوں کے بھی ذمہ دار تھے۔ دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے علاقے کو کلیئر کیا جا رہا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقے کے مقامی لوگوں نے آپریشن کو سراہا اور دہشت گردی کے خطرے کو ختم کرنے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔

شیئر: