سعودی عرب نے حج کےلیے بہترین انتظامات کیے: سینیٹر طلحہ محمود
اتوار 2 جولائی 2023 22:51
اگلے سال کے لیے ایک لاکھ 79 ہزار 210 ححاج کا کوٹہ لے آئے ہیں (فوٹو: اے پی پی)
وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود نے کہا ہے کہ ’رواں سال ایک لاکھ 60 ہزارپاکستانیوں نے حج کی سعادت حاصل کی۔ اگلے سال کے لیے ایک لاکھ 79 ہزار 210 ححاج کا کوٹہ لے آئے ہیں‘۔
فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد وطن واپسی پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ’ جو کام آخری دنوں میں ہوتے تھے ہم ابھی کروا کر آئے ہیں۔ پہلے آؤ، پہلے پاؤ کے طریقے پر چلیں گے‘۔
سرکاری خبر رساں ایجنیسی اے پی پی اور بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ’ جنوری 2024 سے عازمین حج کو بھیجنے کی تیاری مکمل کرنی ہے۔ اپریل کے آخر تک ویزے مکمل کیے جائیں گے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’عازمین حج کی ٹریننگ کا پروگرام بھی شروع کریں گے‘۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ’بطور وزیر اپنے حج کے اخراجات جمع کروائے۔ عام پاکستانی حجاج کے ساتھ ہی رہا اور مناسک حج ادا کیے‘۔
’مجھے شاہی مہمان کے طور حج کی آفر تھی مگر ایک عام شخص کی طرح حج کیا،اپنے خرچے پر حج کر کے آیا ہوں، اپنے احتساب کےلیے بھی تیار ہوں، کسی کو مفت حج نہیں کرنے دیا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’حج مقامات کا دورہ بھی کیا، پاکستانی حجاج سے ملاقاتیں ہوئیں، حج مشن نے بھی پاکستانیوں کی بھرپور مدد کی‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’فریضہ حج کی ادائیگی کے دوران کسی دوسرے ملک کو معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں تھی‘۔
سینیٹر طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ’ لوگ کہتے ہیں روپوں میں حج مہنگا پڑتا ہے، میں نے پہلی بار سعودی حکام کو مسائل سے آگاہ کیا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’پی آئی اے نے حجاج کی واپسی کےلیے آپریشن کا آغاز کردیا ہے‘۔