اردن میں 23 برس بعد ٹریفک حادثے کا مفرور ملزم گرفتار
اردن میں 23 برس بعد ٹریفک حادثے کا مفرور ملزم گرفتار
بدھ 12 جولائی 2023 13:59
حادثہ اردن کے شہر اربد میں 23 برس بعد پیش آیا تھا(فوٹو، ٹوئٹر)
اردن میں 23 برس قبل حادثے کا سبب بننے والے مفرور ڈرائیور کو بالاخرقانون نافذ کرنے والے ادارے کی ٹیموں نے تلاش کرلیا۔ ٹریفک حادثے میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکرسے ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا۔
اماراتی اخبار نے اردنی ادارے امن عامہ کے ترجمان کے حوالے سے کہا ہے کہ اردن کے شہر اربد میں 23 برس قبل یعنی سال 2000 میں ٹریفک حادثے میں ایک شخص تیز رفتار گاڑی سے کچلا گیا تھا۔
حادثے کے بعد وہاں موجود لوگوں نے زخمی کو طبی امداد فراہم کی تاہم ہسپتال منتقل کرنے سے قبل ہی وہ ہلاک ہوگیا۔ گاڑی کا ڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس نے نامعلوم ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرکے اس کی تلاش شروع کی مگرگاڑی اورڈرائیورکا کہیں کوئی سراغ نہ مل سکا۔
ملزم کے خلاف پولیس ریکارڈ کو بند نہ کیا گیا بلکہ اس کی تلاش جاری رہی۔ واقعے کو 23 برس گزرچکے تھے اسی دوران کیس پرکام کرنے والے ایک افسر کو ملزم کے بارے میں معمولی سا سراغ ملا جس نے اس پر تفتیش شروع کردی بالاخروہ حادثے کا سبب بننے والے ڈرائیورتک پہنچنے میں کامیاب ہوگیا۔
گرفتاری کے بعد ملزم نے اپنے ابتدائی بیان میں اس بات کا اقرار کیا کہ حادثے کے بعد اس نے زخمی کی کوئی مدد نہ کی بلکہ خوفزدہ ہوکروہاں سے فرار ہوگیا تھا۔
تحقیقاتی افسر نے 23 برس پرانے کیس کو دوبارہ کھول کر ملزم کا چالان مکمل کرنے کے بعد اسے عدالت میں جمع کرا دیا جہاں مقدمے کی سماعت شروع کی جارہی ہے۔