Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جاپانی وزیر اعظم ابو ظبی پہنچ گئے، امارات کے صدر سے ملاقات

جاپانی وزیر اعظم مشرق وسطی کے دورے کےدوسرے مرحلے میں امارات پہنچے ہیں (فوٹو: وام)
امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے پیر کو ابوظبی کے قصر الوطن میں جاپانی وزیر اعظم فومیو کیشیدا سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون اور مختلف شعبوں میں انہیں عروج کی نئی منزلوں تک لے جانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 
 امارات کے خبررساں ادارے وام  کے مطابق دونوں رہنماؤں نے امارات اور جاپان کے درمیان جامع اسٹراٹیجک شراکت اور تاریخی تعلقات کے تناظر میں بات چیت کی۔
 باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و بین الاقوامی مسائل کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ 
شیخ محمد بن زاید نے جاپانی وزیراعظم کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دورے سے دونوں ملکوں کے مستحکم تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی نئی تحریک ملے۔
 جاپانی وزیراعظم نے شہنشاہ جاپان نارو ہیٹو کی جانب سے اماراتی صدر اور عوام کے لیے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا۔ 
ملاقات میں بامقصد تعاون کے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا خصوصا ترقیاتی، ٹیکنالوجی، توانائی، معیشت اختراعات، تعلیم، ثقافت، ماحولیات، فوڈ سیکیورٹی، خلائی سائنس جیسے امور زیر بحث آئے۔ 
 باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و بین الاقوامی مسائل اور حالات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بحرانوں کے تصفیے کے لیے سفارتی حل، افہام و تفہیم سے کام لینے اور مکالمے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ 
بات چیت میں موسمی تبدیلیوں سے متعلق اقوام متحدہ کے معاہدے میں شریک ممالک کی کانفرنس کا موضوع  بھی زیر بحث آیا۔
جاپانی وزیراعظم نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کرتے ہوئے اس خواہش کا اظہار کیا کہ جاپان اور امارات کے تعلقات مزید ترقی اور خوشحالی کا باعث بنیں۔ دونوں ملکوں کے دوست عوام کو باہمی تعلقات سے فائدہ پہنچے۔  
شیخ محمد بن زاید نے جاپانی وزیراعظم اور ان کے ہمراہ وفد کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ دیا جس میں دونوں ملکوں کی اہم شخصیات شریک ہوئیں۔ 
امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید نے ٹویٹ کیا مجھے جاپانی وزیراعظم فیومو کیشیدا کا امارات میں خیرمقدم کرتے ہوئے خوشی ہوئی۔
’دونوں ملکوں کے درمیان گہرے اور تاریخی رشتے ہیں اور آج ہم نے اپنی جامع اسٹریٹجک پارٹنر شپ کو مزید مضبوط بنانے، پائیدارعالمی ترقی اور استحکام کی سپورٹ کے طریقے تلاش کیے ہیں‘۔
یاد رہے کہ جاپانی وزیر اعظم مشرق وسطی کے دورے کےدوسرے مرحلے میں پیر کو سعودی عرب سے متحدہ عرب امارات پہنچے ہیں۔
امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق ابوظبی ایئرپورٹ پر امارات کے وزیر صنعت اور جدید ٹیکنالوجی ڈاکٹر سلطان بن احمد الجابر نے جاپانی وزیراعظم کا خیرمقدم کیا۔
 واضح رہے کہ جاپانی وزیراعظم اتوار 16 جولائی کو جدہ پہنچے تھے جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات اور سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی کے عزم کا اظہار کیا۔
جاپانی وزیراعظم فومیو کیشیدا ایک روزہ دورہ امارات کے بعد منگل 18 جولائی کو قطر پہنچیں گے۔

شیئر: