قاہرہ میں پانچ منزلہ رہائشی عمارت گرنے سے 9 افراد ہلاک
واقعہ کی تحقیقات کےلیے انجینیئرنگ کمیٹی قائم کردی گئی (فوٹو: روئٹرز)
مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں پیر کو پانچ منزلہ رہائشی عمارت گرنے سے کم از کم نو افراد ہلاک ہوگئے۔ امدادی کارکن ملبے میں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔
عرب نیوز نے قاہرہ میں سیکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کے حوالے سے بتایا کہ’ یہ واقعہ قاہرہ کے شمال میں ایک گنجان علاقے حدائق القبہ میں پیش آیا ہے‘۔
راہگیروں کی چیخ وپکار پر عمارت کے رہائشی بیدار ہوئے۔ سول پروٹیکشن اور پولیس افسران کو ایمبولینس اور مشینری کے ساتھ روانہ کیا گیا
قاہرہ گورنریٹ کے نمائندوں نے گرنے والی عمارت کے ابتدائی معائنے کے بعد بتایا کہ ’عمارت کی پہلی منزل پر بغیر اجازت غیرقانونی توسیعی کام حادثے کا ایک سبب ہے‘۔
’مبینہ طور پرعمارت کا بوجھ اٹھانے والی اندرونی دیوار گرنے سے عمارت منہدم ہوگئی‘۔
قاہرہ کے گورنر خالد عبد العال نے کہا کہ’ واقعہ کی تحقیقات کےلیے انجینیئرنگ کمیٹی قائم کردی گئی۔ ملحقہ عمارتوں کو خالی کرا کے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مکمل ہونے تک گیس اور بجلی کی سپلائی احتیاطی طور پر بند کی گئی ہے‘۔
’پبلک پراسیکوشن نے عینی شاہدین کے بیانات لیے ہیں‘۔
مصری وزیر برائے سماجی یکجہتی نیفین القباح نے گورنر کے تعاون سے عمارت گرنے سے ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو 60 ہزار مصری پونڈ معاوضے کی ادائیگی کے ساتھ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔