Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جعلی اکاؤنٹس میرے والد کی زندگی خطرے میں ڈال دیتے ہیں: بلال مقصود

پاکستان کے نامور دانشور، لکھاری اور ٹی وی شخصیت انور مقصود کے بیٹے اور مشہور میوزک بینڈ سٹرنگز کے بانی رُکن بلال مقصود نے اپنے والد کے نام سے کی جانے والی جعلی ٹویٹس پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انور مقصود اکثر اپنے بیانات اور تقاریر میں سیاست دانوں اور پاکستانی اسٹیبلشمنٹ کو طنرومزاح کا نشانہ بناتے ہیں جس کے باعث عوام کی کثیر تعداد انہیں پسند کرتی ہے، تاہم سوشل میڈیا بالخصوص سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اُن کے نام سے بننے والے جعلی اکاؤنٹس اور اُن سے کی جانے والی جعلی ٹویٹس دانشور اور ان کے بیٹے کے لیے دردِ سر بن چکی ہیں۔
بدھ کے روز بلال مقصود نے اپنے والد کے نام سے کی جانے والی ٹویٹس کے سکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایسی فیک ٹویٹس کی وجہ سے میرے والد کی زندگی خطرے میں پڑتی ہے۔ اس شخص (جس نے انور مقصود کے نام سے جعلی اکاؤنٹ بنایا ہوا ہے) نے مجھے پہلے سے ہی بلاک کیا ہوا ہے۔ براہ کرم کیا آپ سب اس کا اکاؤنٹ رپورٹ کر سکتے ہیں؟ ابو سوشل میڈیا پر کچھ بھی پوسٹ نہیں کرتے۔ اُن کے اصلی اکاؤنٹ سے صرف تین پوسٹس کی گئی ہیں۔ ہم نے اس وجہ سے اکاؤنٹ بنایا تاکہ ہم جعلی اکاؤنٹس کو رپورٹ کر سکیں۔‘
اس سے قبل 2020 میں انور مقصود نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا تھا کہ ٹوئٹر پر ’اُن کا صرف ایک ہی اکاؤنٹ ہے۔‘
دوسری جانب بلال مقصود نے کچھ عرصہ قبل فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ انور مقصود نوکیا کا سادہ یعنی بٹن والا فون استعمال کرتے ہیں۔
گلوکار بلال مقصود کی اپنے والد کے بارے میں ٹویٹ پر صارفین کے تبصرے بھی دیکھنے میں آرہے ہیں۔
فاریہ کاشف نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’براہ کرم ایسے سینیئرز کو ایسے گند میں مت گھسیٹیں۔‘
زنیرہ اظہر اپنی ٹویٹ میں لکھتی ہیں کہ ’فیک نیوز/اکاؤنٹس کسی کی زندگی خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم سوشل میڈیا پر کچھ بھی ریٹویٹ یا شیئر کرنے سے پہلے اس کی یقین دہانی کر لیں۔‘
ارم عظیم فاروقی کہتی ہیں کہ ’انور صاحب نے کئی مرتبہ باضابطہ طور پر بتایا ہے کہ ان کا کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے لیکن یہ جعلی اکاؤنٹ ایسے شیئر کیے جاتے ہیں جیسے ان کے اپنے ہوں۔‘

شیئر: