سعودی سائیکلسٹ شدید گرمی میں گیارہ سو کلومیٹر سفر کرکے ریاض پہنچ گیا
سعودی سائیکلسٹ شدید گرمی میں گیارہ سو کلومیٹر سفر کرکے ریاض پہنچ گیا
اتوار 30 جولائی 2023 0:00
شدید گرمی میں سائیکل چلانا انتہائی مشکل لگ رہا ہوتا ہے (فوٹو: سبق)
سعودی سائیکلسٹ ترکی عسیری گیارہ سو کلومیٹر کی مسافت طے کرکے نجران سے ریاض پہنچ گیا۔ یہ فاصلہ 15 دنوں میں طے کیا۔
سبق نیوز کے مطابق موسم گرما کی شدت کے باوجود سعودی سائیکل سوار ترکی العسیری نے مملکت کو دریافت کرو مہم کو کامیابی سے مکمل کیا۔ سائیکل پر نجران سے ہوتا ہوا آخری منزل ریاض پہنچ گیا۔
ترکی عسیری نے بتایا کہ ’اس مہم کے دوران سب سے زیادہ مشکل صورت حال کا سامنا شدید گرمی کی وجہ سے کرنا پڑا۔ تارکول کی سڑک دھوپ کی تمازت سے شدید گرم ہوجاتی ہے۔ ایسے میں سائیکل چلانا انتہائی مشکل لگ رہا ہوتا ہے‘۔
سب نے میری حوصلہ افزائی کی اور میری مہم کو سراہا ہے( فوٹو: سبق)
’گرمی کی شدت سے سائیکل کے ٹائر بھی متاثر ہوتے ہیں۔ سڑک پرکیلیں اور لوہے کی اشیا جو ٹرکوں یا لوڈنگ گاڑیوں سے گر جاتی ہیں وہ بھی سفر میں مشکلات کا باعث بنتی ہیں‘۔
اپنے سفر کے حوالے سے سعودی سائیکلسٹ کا کہنا تھا کہ’ راستے میں جو بھی ملتا وہ بڑی گرم جوشی سے پیش آتا۔ قبائل نے اہل بادیہ کی روایتی مہمان نوازی کا بھرپور ثبوت دیا‘۔
’سعودی شہری ہوں یا مقیم غیرملکی جن سے بھی واسطہ پڑا سب نے میری حوصلہ افزائی کی اورمیری مہم کو سراہا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ہر کوئی مجھ سے اس مہم کے بارے میں ضرور دریافت کرتا تھا۔ سوشل میڈیا کے باعث میرے دوستوں کی فہرست میں بھی بڑا اضافہ ہوا‘۔