عراقی ایئرویز نے طیارے کے کارگو سیکشن سے ریچھ کے فرار کے واقعہ پر مسافروں سے معذرت کی ہے۔
اس واقعہ پر دبئی سے بغداد جانے والی پرواز میں ایک گھنٹے سے زیادہ کی تاخیر ہوئی۔
ایئر ویز نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی وڈیو کے بعد جاری بیان میں کہا کہ ’جو کچھ ہوا وہ ہماری دسترس سے باہر تھا۔ پنجرے سے ریچھ کے فرار ہونے سے مسائل پیدا ہوئے‘۔
طیارے کے عملے نے حکام کے ساتھ فوری رابطے کیے۔ اماراتی حکام نے خصوصی ٹیم بھیجی جس سے ریچھ کو بے ہوش کرکے طیارے سے اتار دیا۔
مسافروں کی سلامتی کے لیے اقدامات کے بعد عراقی طیارہ اپنی منزل کے لیے روانہ ہوا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ’ ریچھ کو جانوروں کی فلاح وبہبود کے بین الاقوامی رہنما اصولوں کے مطابق منتقل کیا جا رہا تھا‘۔
تاہم ایئر ویز نے ریچھ کو طیارے سے اتارنے کے بعد کی صورتحال کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا۔
دبئی ایئرپورٹ انتظامیہ نے بھی اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
سی سی این نے عراقی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے حوالے سے بتایا کہ ’طیارے میں ایک نہیں دو ریچھ تھے۔ ان میں سے ایک اپنا کریٹ توڑ کر باہر نکل آیا۔ جسے اماراتی حکام نے بے ہوش کرکے طیارے سے اتارا‘۔