Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض ایئر کا ایٹلیٹکو ڈی میڈرڈ کے ساتھ سپورٹس سپانسر شپ کا پہلا معاہدہ

ریاض ایئر کلب کا مرکزی سپانسر اور آفیشل ایئر لائن پارٹنر ہو گا (فوڈو: ٹوئٹر ریاض ایئر)
دنیا بھر میں فٹ بال کے شائقین کے ذہنوں میں اپنی موجودگی کی تصدیق کرنے کے لیے سعودی عرب کی نئی شروع ہونے والی ایئر لائن ریاض ایئر نے ہسپانوی کلب ایٹلیٹکو ڈی میڈرڈ کے ساتھ ملٹی ایئر سپانسرشپ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق معاہدے کے تحت ریاض ایئر کلب کا مرکزی سپانسر اور آفیشل ایئر لائن پارٹنر ہو گا جبکہ ایئر لائن کا لوگو کھلاڑیوں کی ٹیم کٹس پر موجود ہو گا۔
ایٹلیٹکو ڈی میڈرڈ کے سی ای او میگوئل اینجل گل نے کہا کہ ’ ہم کلب کے اپنے نئے مرکزی سپانسر کے طور پر ریاض ایئر کا خیرمقدم کرتے ہوئے بہت خوش ہیں۔ یہ شراکت داری دنیا بھر میں اپنے شائقین کو بہتر تجربات پیش کرنے کے ایک بہترین موقع کی نشاندہی کرتی ہے اور مجھے یقین ہے کہ ریاض ایئر کے ساتھ یہ اتحاد ہمارے کلب کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا‘۔
ایک بیان کے مطابق 12 مارچ 2023 کو اپنے آغاز کے بعد سے یہ ریاض ایئر کا پہلا سپورٹس سپانسر شپ معاہدہ ہے۔
یہ ایئر لائن 2025 میں اپنا کام شروع کرے گی جو کہ مملکت کے دارالحکومت ریاض کو 2030 تک دنیا بھر کے 100 سے زیادہ مقامات سے جوڑ دے گی۔
ریاض ایئر کے سی ای او ٹونی ڈگلس نے کہا کہ ’ یہ ریاض ایئر کے لیے ایک ناقابل یقین حد تک پرجوش دن ہے کیونکہ ہم یورپ کے سب سے بڑے کلبوں میں سے ایک ایٹلیٹکو ڈی میڈرڈ کے ساتھ ایک طویل مدتی شراکت داری میں داخل ہو رہے ہیں تاکہ ہم ان آفیشل ایئر لائن پارٹنر بن جائیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ شراکت داری ایک بہترین میچ ہے کیونکہ دونوں دنیا بھر کے لوگوں اور ثقافتوں کو جوڑنے کا جذبہ رکھتے ہیں۔ ہم  ایٹلیٹکو ڈی میڈرڈ میں اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر فٹ بال کے شائقین اور مسافروں کو جدید اور دلچسپ تجربات فراہم کرنے کے منتظر ہیں‘۔
نئی ایئرلائن کا آغاز اس دہائی کے آخر تک مملکت کے ایک عالمی سیاحتی مقام بننے کے منصوبوں کا ایک حصہ ہے جو ویژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہے۔
سعودی عرب کی قومی سیاحت کی حکمت عملی کا مقصد 2030 تک 100 ملین وزیٹرز کو راغب کرنے کے ساتھ ساتھ مملکت کی مجموعی گھریلو پیداوار میں سیاحت کے شعبے کی شراکت کو 10 فیصد سے زیادہ کرنا ہے۔

شیئر: