Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات: منی لانڈرنگ کے جرائم میں 387 افراد گرفتار، 4 ارب درہم ضبط 

دو برسوں میں منی لانڈرنگ کے جرائم کے حوالے سے 521 رپورٹیں کی گئیں ( فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات کی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’گزشتہ دو برسوں کے دوران منی لانڈرنگ کے جرائم میں 387 افراد گرفتار کیے گئے اور چار ارب درہم ضبط کیے گئے‘۔ 
الامارات الیوم کے مطابق وزارت داخلہ نے بیان میں کہا  کہ’ گزشتہ دو برسوں کے دوران منی لانڈرنگ کے جرائم کے حوالے سے 521 رپورٹیں درج  ہوئیں جبکہ مختلف ممالک میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے بین الاقوامی مطلوبین کو گرفتار کیا گیا‘۔ 
نائب وزیراعظم و وزیر داخلہ شیخ سیف بن زاید آل نہیان نے کہا کہ’ متحدہ عرب امارات اپنا قائدانہ کردار خوداعتمادی سے ادا کررہا ہے اور اس بات کے لیے کوشاں ہے کہ وہ امن و امان برقرار رکھے‘۔ 
دبئی پولیس کے ڈائریکٹر جنرل عبداللہ المری نے کہا کہ’ دہشت گردی کی فنڈنگ اور منی لانڈرنگ کے انسداد کے حوالے سے قومی حکمت عملی تیار ہے۔ وزارت داخلہ اس کی نگرانی کرتی ہے۔ 116 اہلکار منی لانڈرنگ کے خلاف مہم پر مامور ہیں‘۔ 
انہوں نے کہا کہ ’نومبر 2022 سے فروری  2023 تک مختلف کمیونیکیشن ذرائع سے 1628 خفیہ اطلاعات کا تبادلہ بین الاقوامی پارٹنرز کے ساتھ کیا گیا۔ ان میں انٹرپول، یوروپول، خلیجی پولیس، آمون انٹرنیشنل نیٹ ورک اور رابطہ افسران شامل ہیں‘۔ 

شیئر: