Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ماسکو میں سعودی اور ایرانی دفاعی حکام کی ملاقات، سکیورٹی امور پر بات چیت

معاون وزیر دفاع طلال العتیبی نے سکیورٹی کانفرنس کے موقع پر سعودی وفد کی سربراہی کی۔ فوٹو: عرب نیوز
سعودی عرب کے معاون وزیر دفاع طلال العتیبی نے ماسکو میں ایران کے سینیئر دفاعی عہدیدار سے ملاقات کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ ملاقات 11 ویں ماسکو کانفرنس آن انٹرنیشنل سکیورٹی کے موقع پر ہوئی۔
سعودی وزارت دفاع کی جانب سے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ ہونے والی تصویر میں طلال العتیبی ایران کی مسلح افواج کے نائب سربراہ عزیز ناصر زادہ کے ساتھ موجود ہیں جبکہ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے وفود کے ارکان نے بھی شرکت کی۔
معاون وزیر دفاع طلال العتیبی نے سکیورٹی کانفرنس کے موقع پر سعودی وفد کی سربراہی کی۔ اس موقع پر ان کی دیگر ممالک کے وفود سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔
 سعودی وزارت دفاع کی جانب سے کی جانے والی ٹویٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’ملاقاتوں کے دوران انہوں (طلال العتیبی) نے مختلف ممالک کے وفود کے ساتھ دو طرفہ امور پر گفتگو کی اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے ذرائع کا جائزہ لیا۔‘
ماسکو میں ہونے والی سالانہ سکیورٹی کانفرنس کی بدولت پوری دنیا سے وزرا، فوجی حکام اور دفاع کے حوالے سے پالیسی سازوں کو ایک دوسرے سے ملنے کا موقع ملتا ہے اور خطے اور عالمی سطح پر سلامتی کے امور پر گفتگو ہوتی ہے۔
دوسری جانب ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات مزید مضبوط کرنے کے لیے ایران کے وزیر خارجہ حسین عامر عبداللہ آج سعودی عرب پہنچے ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان کی دعوت پر مملکت کا دورہ کر رہے ہیں۔

شیئر: