Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کیا ہوا جو ٹانگیں نہیں‘، غانم المفتاح کا ہاتھوں کے سہارے طواف

مسجد الحرام کی انتظامیہ نےعمرہ کی ادائیگی کے دوران ہر ممکن سہولت فراہم کی(فوٹو: سبق)
قطرورلڈ کپ میں عالمی سطح پرشہرت پانے والے معذور’غانم المفتاح ‘ نے عمرہ ادا کیا ہے۔ 
سبق نیوز کے مطابق قطری شہری غانم محمد المفتاح پیدائشی طورپر نچلے دھڑ سے محروم ہیں سوشل میڈیا پر لاکھوں فالوورز ہیں اور انہیں ایک ہیرو کے طورپرجانا جاتا ہے۔ 
گزشتہ برس قطر میں فٹبال ورلڈ کپ کے موقع پر18 سالہ غانم المفتاح نے افتتاحی تقریب میں امریکی فنکارمورگن فری مین کے ہمراہ مثالی مکالمہ پیش کیا۔ 

قطری شہری غانم محمد المفتاح پیدائشی طور پر نچلے دھڑ سے محروم ہیں (فوٹو: سبق)

غانم المفتاح نے عمرہ کی ادائیگی کے دوران کعبہ کا طواف کرسی پر کرنے کے بجائے اپنے ہاتھوں کے سہارے کیا۔
انہوں نے قرآن کریم کی آیت بھی پڑھی جس کا ترجمہ ہے’ اللہ تعالی کسی پراس کی طاقت سے زیادہ بوجھ نہیں ڈالتا‘۔  
غانم المفتاح کا کہنا تھا ’کیا ہوا اگرمیری ٹانگیں نہیں ہیں، میرے رب نے مجھے عظیم نعمت مضبوط ہاتھوں سے تو نوازا ہے جو میرے لیے ٹانگوں کے متبادل ہیں اور میں ان پرہی طواف بیت اللہ کروں گا۔ 

غانم المفتاح  کا کہنا ہے میرے رب نے مجھے مضبوط ہاتھوں سے تو نوازا ہے (فوٹو: سبق)

مسجد الحرام کی انتظامیہ نے انہیں عمرہ کی ادائیگی کے دوران ہر ممکن سہولت فراہم کی۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے بھی مدد کی تاکہ وہ  آرام سے اپنے ہاتھوں کے ذریعے طواف بیت اللہ کرسکیں۔ 
واضح رہے غانم المفتاح پیدائشی طور پرجس مرض میں مبتلا ہیں وہ دنیا میں نادر ہے۔
25 ہزار افراد میں سے کوئی ایک اس مرض کا شکار ہوسکتا ہے جس میں نومولود کے نچلے دھڑ کی نشوونما نہیں ہوتی۔ 

شیئر: