لبنان : سمگل کئے جانے والے شیر کے بچے، نایاب عقاب اور پرندے بازیاب
لبنان : سمگل کئے جانے والے شیر کے بچے، نایاب عقاب اور پرندے بازیاب
اتوار 1 اکتوبر 2023 18:39
ضبط کئے گئے پرندے اور جانور ٹرک کے خفیہ خانوں میں رکھے گئے تھے۔ فوٹو لورینٹ ٹوڈے
لبنان میں شام کے ساتھ ملنے والی سرحد کے قریب جنگلی جانوروں کی سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے شیر کے دو بچے اور ایک نایاب عقاب بازیاب کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق وزیر زراعت عباس حج حسن نے کہا ہے کہ لبنان جنگلی حیات کی غیرقانونی تجارت اور سمگلنگ روکنے کے لیے بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری کرے گا اور سمگلروں کو سزا دی جائے گی۔
مخصوص افراد پرندوں کو باغیچوں کی زینت بنانے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ فوٹو ٹوئٹر
تفصیلات کے مطابق لبنان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے گذشتہ جمعہ کے روز بیروت سے 50 کلومیٹر شمال میں طرابلس-بیروت ہائی وے پر البترون چوکی پر معمول کے مطابق چیکنگ کی جا رہی تھی۔
معمول کے سرچ آپریشن کے دوران ایک ٹرک سے شیر کے دو بچوں کے علاوہ اعلی نسل کا عقاب، 350 رنگین چڑیاں اور دیگر مختلف اقسام کے 1350 سے زیادہ خوبصورت پرندے برآمد ہوئے جو لکڑی کے پنجروں اور گتے کے ڈبوں میں چھپائے گئے تھے۔
ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کر کے سمگل کئے جانے والے تمام جانور ضبط کر لیے گئے ہیں۔
سیکورٹی فورسز کئی برسوں میں پکڑی جانے والی پرندوں کی اس بڑی کھیپ کے بارے میں تفیصلات حاصل کر رہی ہے۔
اعلی نسل کا عقاب اور 1350 سے زیادہ خوبصورت پرندے برآمد ہوئے۔ فوٹو ٹوئٹر
خیال ہے کہ یہ بیروت کے معروف تاجر کی ملکیت ہیں اور تاجر کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنے کا امکان ہے۔
لبنان کے وزیر ماحولیات ناصر یاسین نے بتایا ہے کہ ضبط کئے جانے والے پرندے اور دیگر جانور ٹرک میں خفیہ طور پر رکھے گئے تھے انتہائی مشکل صورتحال سے دوچار تھے۔
وزیر ماحولیات نے مزید کہا کہ سرحد پار سمگل کئے جانے والے پرندے ظاہری طور پر کئی دنوں سے خوراک اور پانی کے بغیر پنجروں میں بند ہیں۔
ناصر یاسین نے بتایا کہ شیر کے دونوں بچوں کو علاج معالجے کے لیے ویٹرنری ہسپتال روانہ کیا گیا ہے جب کہ عقاب کی حالت انتہائی نازک ہے اور ممکن ہے وہ زندہ نہ بچ سکے۔
نایاب پرندوں کا سوداگر بیروت کے جنوبی مضافاتی محلے میں مقیم ہے۔ فوٹو عرب نیوز
خوبصورت پرندوں اور رنگ برنگی چڑیوں میں سے کچھ کو موقع پر ہی آزاد کر دیا گیا تاہم دیگر پرندوں کی خوراک اور پانی کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے۔
ضبط شدہ جانوروں کا شمالی لبنان میں محکمہ لائیو سٹاک نے معائنہ کیا ہے بہت سے پرندوں کو ابتدائی امداد اور علاج کے بعد آزاد کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ خطے میں بڑے پیمانے پر حالات کی سنگینی کے باعث لبنان اور شام کی سرحد پر سمگلنگ ایک بڑھتا ہوا مسئلہ ہے۔
زیادہ تر کارروائیوں میں انسانی سمگلنگ شامل ہے، خاص طور پر شامی جو لبنان میں کام کرنا چاہتے ہیں یا غیر قانونی طور پر یورپ کے راستے ملک سے راہ فرار اختیار کرتے ہیں۔
ان علاقوں میں موجود سمگلر غیر قانونی ادویات اور ایندھن بھی غیرقانونی طریقوں سے ایک سے دوسری جگہ منتقل کرتے ہیں تاہم جنگلی حیات کے بارے میں اطلاعات کم ہی ملتی ہیں۔
شیر کے بچوں کو علاج کے لیے ویٹرنری ہسپتال بھیجا گیا ہے۔ فوٹو ٹوئٹر
وزیر زراعت حج حسن کا کہنا ہے کہ پرندوں اور جانورں کی سمگلنگ پہلی بار نہیں ہو رہی اور نہ ہی یہ واردات آخری ثابت ہو گی تاہم ضبط کی گئی یہ سب سے بڑی کھیپ ہے۔
جانوروں کے حقوق کی کارکن غینہ نحفوی نے بتایا ہے کہ اس قسم کے نایاب پرندوں کا ایک سوداگر بیروت کے جنوبی مضافات میں العوزاعی محلے میں جانور فروخت کرتا ہے۔
غینہ نحفوی نے کہا کہ نایاب اور غیر ملکی پرندے علاقے میں موجود امرا کو فروخت کئے جاتے ہیں جو انہیں اپنے گھروں کے باغیچوں کی زینت بنانے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔