شہزادہ فیصل بن فرحان کا اٹلی اورفرانس کے وزرائے خارجہ سے رابطہ
غزہ میں جاری کشیدگی کو رکوانے کےلیے عالمی برادری کردار ادا کرے(فوٹو، ایکس)
سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اٹلی اورفرانس کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فونک رابطے کیے اورغزہ کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا ۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان نے فرانس کی وزیرخارجہ کیتھرین کولونا سے ٹیلی فون پرگفتگوکرتے ہوئے غزہ اوراس کے گرد ونواح میں جاری عسکری کشیدگی کو فوری روکنے پرزوردیا۔انہوں نے کہا عالمی برادری شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔
دوسری جانب شہزادہ فیصل بن فرحان نے اٹلی کے نائب وزیر اعظم و وزیرخارجہ انتونیوتیانی سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کرکے غزہ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔
سعودی وزیرخارجہ نے غزہ کا محاصرہ ختم کرنے اوربین الاقوامی قوانین انسانی قانون کے احترام کی اہمیت پرزور دیتے ہوئے کہا کہ مملکت نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کی مخالف ہے اوریہ عمل کسی طرح قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہا علاقے میں عسکری کارروائیوں کو روکنا انتہائی ضروری ہے۔ برادر فلسطینی عوام کے لیے منصفانہ اورجامع حل تلاش کرنے کے لیے عالمی سطح پرکوششوں کو تیز کیا جائے۔
سعودی وزیرخارجہ نے غزہ کے متاثرین کے لیے خوراک اورامدادی سامان پہنچانے اورفوری طورپر محاصرہ ختم کرنے کے حوالے سے بھی بات کی ۔