جدہ میں خاتون سے چھیڑخانی، منفرد اقامہ ہولڈرز کے لیے نئی سہولت سمیت سعودی عرب میں گذشتہ ہفتے کی خبریں
جدہ میں خاتون سے چھیڑخانی، منفرد اقامہ ہولڈرز کے لیے نئی سہولت سمیت سعودی عرب میں گذشتہ ہفتے کی خبریں
اتوار 15 اکتوبر 2023 0:00
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
سعودی عرب میں گذشتہ ہفتے جدہ کے شاپنگ مال میں لڑکی سے چھیڑ خانی پر غیرملکی کی گرفتاری، منفرد اقامہ ہولڈرز کے لیے نئی سہولیات، پاکستانی طلبا کے لیے وظائف اور مدینہ میں عمرہ اور وزٹ ویزے پر آکر مملکت میں گداگری کرنے والوں کی گرفتاریوں کی خبریں قارئین کی توجہ کا مرکز رہیں۔
جدہ کے مال میں لڑکی سے چھیڑ خانی، غیرملکی گرفتار
سعودی عرب میں جدہ پولیس نے شاپنگ مال میں ایک لڑکی سے چھیڑ خانی کرنے کےالزام میں غیرملکی کو گرفتارکیا ہے۔
سبق کے مطابق مملکت میں مقیم عرب شہری کی شناحت سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو سے کی گئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے یمنی شہری ایک مال میں لڑکی سے چھیڑ خانی کررہا ہے جو سعودی قانون کے منافی ہے۔
سعودی کابینہ نے کہا ہے کہ ’گھریلو عملے کی درآمد کے لیے منفرد اقامہ ہولڈرز کے ساتھ سعودیوں جیسا معاملہ کیا جائے گا۔ مقابل مالی سے مستثنی ہوں گے۔‘
سعودی کابینہ کا اجلاس منگل کو شاہ سلمان بن عبدالعزیزکی صدارت میں ریاض میں ہوا۔
خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کابینہ نے سماجی کفالت کے مستحقین کی پینشن کی معمولی حد میں اضافے اور سٹیزن اکاؤنٹ پروگرام کے صارفین کی سبسڈی میں مزید تین ماہ تک اضافے کو عوام کے مسائل کے حل میں ریاستی قیادت کی غیر معمولی دلچسپی کا عکاس قرار دیا۔
سعودی عرب کا ایک مرتبہ پھر پاکستانی طلبا کے لیے وظائف کا اعلان
سعودی عرب نے ایک مرتبہ پھر اپنی 25 یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے پاکستانی طلبا وطالبات کو 600 سکالرشپس دینے کا اعلان کیا ہے۔
ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے مطابق یہ وظائف ڈپلومہ، ڈگری، ماسٹرز اور اپی ایچ ڈی کے طلبا و طالبات کو دیے جائیں گے۔
سعودی عرب میں قانونی طور پر مقیم پاکستانی طالب علم اور پاکستان میں مقیم طلبا و طالبات دونوں ان سکالرشپس کے لیے اہل ہیں۔ 75 فیصد سکالر شپس پاکستان سے طالب علموں جبکہ 25 فیصد سعودی عرب میں مقیم پاکستانی طلبا کو دیے جائیں گے۔
کیا مقیم غیر ملکی گھریلو عملہ اپنے ملک سے بلوا سکتے ہیں؟
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کے خصوصی پروگرام ’مساند‘ نے کہا ہے کہ کسی مقیم غیرملکی کو اپنے ملک سے گھریلو عملے کو بلوانے کی اجازت نہیں۔ مقیم غیرملکی اپنے ہم وطن کے لیے گھریلو ویزے کی درخواست نہیں دے سکتا۔
عکاظ اخبار کے مطابق مساند نے ایکس( سابق ٹوئٹر) پر بیان میں کہا ’مقیم غیرملکی کسی دوسرے ملک سے گھریلو عملہ بلوانے کے لیے ویزے کی درخواست دے سکتا ہے۔‘
یاد رہے سعودی عرب میں مقیم وہی غیرملکی گھریلو عملہ بلانے کے لیے ویزا جاری کراسکتا ہیں جن کی کم از کم تنخواہ دس ہزار ریال ہو۔