سعودی وزیر حج کی ترکیہ کے مذہبی امور ادارے کے سربراہ سے ملاقات
منگل 17 اکتوبر 2023 21:23
ترکیہ کے شہری سعودی عرب کا ای وزٹ ویزا حاصل کرسکیں گے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے منگل کو ترکیہ میں مذہبی امور کے ادارے کے سربراہ ڈاکٹر علی ارباش سے ملاقات کی ہے۔
ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے عازمین حج کی آمد کو آسان بنانے کے حوالے سے سعودی عرب کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر اور ان کے وفد کے ارکان دورے کے دوران ترکیہ کے حکام کو عمرہ زائرین کو دی جانے والی سہولتوں سے آگاہ کررہے ہیں۔
سعودی وزیر حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ ’ترکیہ کے شہری سعودی عرب کا ای وزٹ ویزا حاصل کرسکیں گے۔ کارروائی چند منٹ میں مکمل ہوجائے گی‘۔
ترکیہ کے وزٹ ویزا ہولڈرز عمرہ بھی کرسکیں گے اور مسجد نبوی کی زیارت کے لیے بھی جاسکیں گے۔ انہیں سعودی عرب کے متعدد شہروں میں آنے جانے کی بھی سہولت ہوگی۔ وہ ایک سال کے دوران نوے دن تک مملکت میں قیام کرسکیں گے۔
انقرہ سے مدینہ منورہ، غازی عنتاب شہر سے مدینہ منورہ کے لیے براہ راست پروازیں اس ہفتے سے شروع کی جارہی ہیں۔ شیڈولڈ پروازوں میں 380 فیصد تک کی گنجائش بڑھائی گئی ہے۔
السعودیہ عمرہ موسم کے دوران جدہ اور مدینہ منورہ کے لیے ترکیہ کے زائرین کی سہولت کےلیے سو اضافی پروازیں چلائے گی۔
اس کے علاوہ فلائی ناس انقرہ سے جدہ اور مدینہ منورہ کے لیے ہفتے میں چھ براہ راست پروازیں شروع کرے گی۔