Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ملک لندن سے نہیں چلایا جا سکتا، ایک شخص کی واپسی کے لیے الیکشن روکا گیا‘

بلاول بھٹو نے کہا کہ ’امید ہے کہ الیکشن کمیشن ہمیں الیکشن کی تاریخ اور شیڈول جلد دے گا۔‘ (فائل فوٹو: پی پی پی)
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی لندن سے واپسی پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’آج پاکستان کے آئین، جمہوریت اور الیکشن کو ایک شخص کی واپسی کے لیے روکا گیا ہے۔‘
بدھ کو کراچی میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’واپسی اچھی بات ہے، ہر کسی کو پاکستان کی ترقی میں حصہ ڈالنا چاہیے۔ لیکن پچھلے 16 ماہ کی حکومت نے یہ ثابت کر دیا کہ ملک کو لندن سے نہیں چلایا جا سکتا۔‘
بلاول بھٹو نے کہا کہ ’ہر کسی کو یہاں عوام کے درمیان رہنا پڑے گا اور جواب دینا پڑے گا۔ امید ہے کہ ریاست کے پورے زور کے بعد استقبال بھی بڑا ہو گا۔‘
انہوں نے الیکشن کمیشن سے انتخابات کی تاریخ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ’امید ہے کہ الیکشن کمیشن ہمیں الیکشن کی تاریخ اور شیڈول بھی جلد دے گا۔‘
’اگر پیپلز پارٹی کو 90 دن سے آگے الیکشن کی کڑوی گولی کھانی ہے تو تمام جمہوری جماعتیں ہمارا ساتھ دیں، الیکشن کمیشن فوری طور پر الیکشن کی تاریخ اور شیڈول دے۔‘
بلاول بھٹو نے کہا کہ ’سلیکشن کی سیاست نے جمہوریت کا جنازہ نکال دیا ہے، کچھ بھی ہو جائے الیکشن کروانے ہوں گے۔ پارلیمان اور سیات کو جگہ دینی پڑے گی۔‘
ان کے مطابق ’معیشت کی حالت بری ہے۔ یہ جس نے بھی کیا، ہمیں آگے بڑھنا ہوگا۔ ملک کو آئین اور قانون کے مطابق چلانا ہو گا۔ ہمیں نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ختم کرنا ہوگا۔ نی میرا، نہ تیرا سب کا پاکستان بنانا ہوگا۔‘
’مخالفت کی سیاست کو ختم کرکے مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیں گے۔ سیاسی استحکام ہوگا تو معاشی استحکام آئے گا۔‘
فسطین اور اسرائیل تنازعے پر ان کا کہنا تھا کہ ’فلسطینی عوام اکیلے نہیں ہیں، پاکستان کے عوام ان کے ساتھ ہیں۔ پاکستان کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ کو فلسطینیوں کے لیے بولنا پڑے گا۔ فلسطینیوں کو ظالمانہ طریقے سے مارا جا رہا ہے۔‘

شیئر: