Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف کی حفاظتی ضمانت کی درخواست کی سماعت کل تک ملتوی

مسلم لیگ ن کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف 21 اکتوبر وطن واپس آ رہے ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
سابق وزیراعظم نواز شریف نے حفاظتی ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ اور احتساب عدالت سے رجوع کر لیا ہے اور اس مقصد کے لیے دو درخواستیں بھی دائر کر دی گئی ہیں۔  
اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی ہے۔
بدھ کو نواز شریف کی قانونی ٹیم کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواستوں میں ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں گرفتاری سے روکنے کے لیے حفاظتی ضمانت دینے کی استدعا کی گئی تھی۔  
ایک درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ العزیزیہ ریفرنس میں سات سال کی سزا سنائی گئی۔ عدالتی حکم کی تعمیل میں وہ کوٹ لکھپت جیل میں قید تھے۔  
بیماری کے باعث عدالت نے انھیں بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔ اب نواز شریف 21 اکتوبر کو وطن واپس آ رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے توشہ خانہ کیس میں دائمی وارنٹ کی منسوخی کے لیے احتساب عدالت اسلام آباد سے بھی رجوع کرلیا ہے۔ استدعا کی گئی ہے کہ وارنٹ معطل کرکے عدالت میں پیش ہونے کا موقع دیا جائے۔ سابق وزیر اعظم کی درخواست پر سماعت کل بروز جمعرات متوقع ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کی جانب سے سزا معطلی کے لیے دائر درخواست کے فیصلہ میں انھیں اشتہاری قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ نواز شریف وطن واپسی پر اس درخواست کو  بحال کروا سکتے ہیں۔
درخواست کے مطابق ’اب جب نواز شریف وطن واپس پہنچ رہے ہیں اور مقدمات کا سامنا کرنا چاہتے ہیں تو سرنڈر کرنے اور عدالت تک پہنچنے کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔‘
اسی طرح ایون فیلڈ ریفرنس میں حفاظتی ضمانت کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ’نواز شریف اپنی بیٹی کے ساتھ اس کیس میں سرنڈر کرنے کے لیے بیرون ملک سے واپس آئے اور جیل گئے۔ اشتہاری رہنا ان کے ٹریک ریکارڈ کا حصہ نہیں۔ نواز شریف کی صحت اب بھی بہت اچھی نہیں ہے، لیکن وہ ملکی حالات کی وجہ سے واپس آ رہے ہیں۔‘
دررخواست کے مطابق ’انصاف کا تقاضا ہے کہ جس کیس میں ان کے خلاف یکطرفہ فیصلہ سنایا گیا وہ اس میں بھی اپیل کا حق استعمال کر کے انصاف لے سکیں، اس لیے ان کی حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔‘
عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ’نواز شریف کی درخواست آج ہی سماعت کے لیے منظور کر کے حفاظتی ضمانت دی جائے تاکہ نواز شریف اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں دستیاب قانونی رعایتوں کو بروئے کار لا سکیں۔‘
نواز شریف کی دونوں درخواستوں پر رجسٹرار آفس نے کوئی اعتراض عائد نہیں کیا۔  
نواز شریف کی حفاظتی ضمانت کی درخواستوں پر 3333/2023 اور 3334/2023 نمبر الاٹ کر دیا گیا۔ نواز شریف کی درخواست پر آج ہی بینچ کی تشکیل اور سماعت کا امکان ہے۔

شیئر: