Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 پاکستان سے افغان مہاجرین کی چارٹرڈ طیاروں سے برطانیہ روانگی

12 خصوصی پروازوں سے 3250 افغان مہاجرین کو برطانیہ منتقل کیا جائے گا۔ فوٹو روئٹرز
برطانیہ چارٹر پروازوں کے ذریعے پاکستان سے افغان مہاجرین کو جمعرات سے منتقل کرنے کا آغاز کر رہا ہے، ان مہاجرین سے برطانیہ میں پناہ دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔
عرب نیوز کے مطابق بی بی سی نیوز نے بتایا ہے کہ افغانستان میں طالبان کی حکومت آنے سے قبل مغربی اتحادی افواج کے ساتھ کام کرنے والے ہزاروں پناہ گزین افغانستان سے انخلاء کے بعد پاکستان چلے گئے تھے۔
برطانیہ جانے کی اجازت کے لیے کچھ خاندان تقریباً دو سال سے انتظار کر رہے ہیں اور وہ برطانوی حکومت کے فنڈز سے چلنے والے ہوٹلوں میں مقیم ہیں۔
ان افراد نے ابتدا میں ہی برطانیہ کے ویزے حاصل کر لیے تھے لیکن افغان مہاجرین کے لیے برطانیہ کی نقل مکانی کی سکیموں میں تاخیر کی وجہ سے اب ان دستاویز کی میعاد ختم ہو چکی ہے۔
پاکستان کی طرف سے غیر قانونی تارکین وطن کو نومبر تک ملک چھوڑنے کے فیصلے کے بعد ان پناہ گزینوں کی چارٹر پروازوں سے منتقلی کا منصوبہ  بنایا گیا ہے۔
پاکستان میں موجود ان پناہ گزین افغانوں میں سابق مترجم بھی شامل ہیں جنہوں نے برطانوی فوج کے ساتھ کام کیا اور وہ اساتذہ بھی ہیں جو برٹش قونصل کے لیے کام کرتے تھے۔
برطانوی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 3250 افغان باشندے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں اسلام آباد میں عارضی قیام گاہوں میں رہ رہے ہیں۔

افغان شہری آبادکاری سکیم کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔ فوٹو روئٹرز

اسلام آباد میں قیام پذیر افغان شہری برطانیہ میں آبادکاری کی سکیموں کے لیے درخواستوں کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔
پاکستان میں بسے ان افغان پناہ گزینوں میں سے بہت سے افراد کو دستاویزات کی کمی کی وجہ سے یہاں کسی قسم کا  کام کرنے کا کوئی قانونی حق نہیں اور ان کے بچے تعلیم تک رسائی حاصل کرنے سے قاصر ہیں۔

پاکستان میں موجود پناہ گزین میں سابق مترجم شامل ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

پناہ گزینوں میں سے ایک افغان باشندے نے نے بی بی سی کو بتایا  ہے کہ میری بیوی حاملہ ہے اور اگر ہم جلد سفر نہیں کرتے تو آئندہ سال تک انتظار کرنا پڑے گا۔
مجھے صرف اس بات کی فکر ہے کہ اگر میرا خاندان دسمبر کے آخر تک ان پروازوں میں سے کسی ایک پر نہیں جائے گا تو کیا ہو گا۔
دی انڈیپنڈنٹ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ پہلی چارٹر پرواز جمعرات کو تقریباً 200 افغان باشندوں کو برطانیہ لے کر جائے گی۔
رواں سال کے آخر تک 12 خصوصی پروازوں کے ذریعے 3250 افغان مہاجرین کو برطانیہ منتقل کیا جائے گا۔ 

شیئر: