انٹرنیٹ کی دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے اپنا ڈوڈل پاکستان کے ’انکل سرگم‘ کے نام کیا ہے۔
گوگل کے آئیکون پر کلک کرتے ہی ڈبل او کی جگہ پرانے طرز کی ٹی وی سکرین دکھائی دیتی ہے جس میں انکل سرگرم ہاتھ اٹھائے کچھ معنی خیز بات کرتے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ ساتھ ہی ’ماسی مصیبتے‘ بھی بیٹھی ہیں۔
ڈوڈل پر کلک کیا جائے تو براہ راست ان پیجز تک رسائی مل جاتی ہے جن پر انکل سرگم کی فنی زندگی کے بارے میں معلومات موجود ہیں۔
مزید پڑھیں
-
’انکل سرگم‘ کے خالق فاروق قیصر نہیں رہےNode ID: 565691
انکل سرگم معروف لکھاری، فنکار، صحافی، پپٹ میکر، کارٹونسٹ اور مدرس فاروق قیصر کا تخلیق کردہ کردار تھا جسے انہوں نے اپنی آواز بخشی جو دہائیوں تک ٹی وی ہی نہیں ریڈیو پر بھی گونجتی رہی بلکہ آج بھی یوٹیوب پر موجود ان کے پروگراموں پر بڑی تعداد میں ویوز موجود ہیں۔
فاروق قیصر 31 اکتوبر 1945 کو پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔
انہوں نے گریجویشن نیشنل کالج آف فائن آرٹس لاہور سے کی جبکہ اسی مضمون میں ماسٹرز رومانیہ سے کیا اور اس کے بعد کیلیفورنیا کی یونیورسٹی سے ابلاغیات میں ماسٹرز کی ڈگری بھی حاصل کی۔
انہوں نے 70 کی دہائی کے آغاز میں فنی زندگی میں قدم رکھا۔
وہ اپنی حس مزاح کے لیے بہت شہرت رکھتے تھے اور یہی چیز عملی زندگی میں ان کے آگے بڑھنے میں کام آئے۔
شروع میں انہوں نے ریڈیو اور پی ٹی وی کے لیے خاکے لکھے تاہم انہیں اصل شہرت 1976 میں اس وقت نصیب ہوئی جب انہوں نے انکل سرگرم کا کردار نہ صرف لکھا اور اس کی پتلی بنائی بلکہ ایک طرح سے اس میں جان ڈال دی۔