ایک برس میں خانگی تشدد کی 855 شکایتیں درج
جمعرات 2 نومبر 2023 19:34
گھریلو تشدد سے متعلق 855 شکایات موصول ہوئیں (فوٹو، ایکس اکاونٹ)
سعودی عرب میں ہیومن رائٹس کمیشن نے 2022 کے دوران موصول ہونے والی تشدد کی شکایات کے اعدادوشمار جاری کردیے۔
اخبار 24 کے مطابق ہیومن رائٹس کمیشن کا کہنا ہے کہ 7937 خواتین و حضرات نے 2022 کے دوران تشدد کی شکایات درج کرائیں۔
سب سے زیادہ شکایات جن کی تعداد 3 ہزار ہے سماجی انصاف کے ادارے کو موصول ہوئیں۔ یہ کمیشن کو موصول ہونے والی کل شکایات کا 39.7 فیصد ہیں۔
ہیومن رائٹس کمیشن کا کہنا ہے کہ گھریلو تشدد سے متعلق 855 شکایات موصول ہوئیں جو کل شکایات کا 10.7 فیصد ہیں۔ موصولہ شکایات میں ان کا نمبر دوسرا ہے۔
ہیومن رائٹس کمیشن نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ 650 شکایات ملازمت، 644 شہریت و قومیت، 252 تعلیم، 341 صحت اور 486 معاشی معیار اور سماجی نگہداشت کے حوالے سے موصول ہوئیں۔
ہیومن رائٹس کمیشن نے بتایا کہ انسانی سمگلنگ سے متعلق 71 شکایات ملیں جو کل شکایات کا 0.9 فیصد ہیں جبکہ رشتہ زوجیت کے حوالے سے 31، عدالت سے رجوع کرنے کے حوالے سے 333، ملکیت سے متعلق 83، ماحولیات کے حوالےسے 33، امتیاز برتنے کے سلسلے میں چار اور دیگر امور کے حوالےسے 1003 شکایات ملیں۔