Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خیبر پختونخوا کے سرکاری افسران نے لمبی چھٹی پر جانے کی دھمکی کیوں دی؟

پروونشل مینجمنٹ سروسز کے ملازمین گریڈ 17 پر مختلف سرکاری محکموں میں تعینات کیے جاتے ہیں۔ (فوٹو: حکومتِ خیبر پختونخوا)
خیبر پختونخوا میں پروونشل مینجمنٹ سروس (پی ایم ایس) کے ملازمین نے پانچ مطالبات کے پورے نہ ہونے پر لمبی چھٹی پر جانے کی دھمکی دی ہے۔ 
پروونشل مینجمنٹ سروسز کے تحت بھرتی ہونے والے سرکاری ملازمین نے صوبائی حکومت کو اپنے مطالبات پیش کیے ہیں۔
پروونشل مینجمنٹ سروسز ایسوسی ایشن کے مطابق سب سے پہلے سرکاری محکموں میں ڈیپوٹیشن پر تعینات ملازمین کی فی الفور واپسی کا مطالبہ کیا گیا ہے جبکہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کی پوسٹ کو تبدیل کر کے اسسٹنٹ کمشنر کرنے کا مطالبہ بھی شامل کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ پی ایم ایس افسران نے حکومت سے ایگزیگٹیو الاؤنس کی بحالی اور میرٹ پر پوسٹنگ اور ٹرانسفر کے مطالبات بھی حکومت سے کیے ہیں تاہم 7 دنوں کے اندر اگر یہ مطالبات پورے نہ ہوئے تو پہلے مرحلے میں ریوینیو کورٹ سے بائیکاٹ کیا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں سیکریٹریٹ کے پی ایم ایس ملازمین لمبی چھٹی پر چلے جائیں گے۔
پی ایم ایس ایسوسی ایشن کے جوائنٹ سیکریٹری نعمان وزیر نے اردو نیوز کو بتایا کہ سب سے آخر میں احتجاج کے طور پر ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے افسران چھٹی پر چلے جائیں گے۔
نعمان وزیر نے کہا کہ ’ہمارے مطالبات جائز ہیں۔ ڈیپوٹیشن پر تعینات ایک غیر متعلقہ افسر غیرقانونی اقدام بغیر کسی ہچکچاہٹ کے کر لیتا ہے جبکہ پی ایم ایس افسران غیرقانونی کام کرنے سے کتراتے ہیں کیونکہ انہیں اپنے کیریئر کی فکر ہوتی ہے۔‘
نعمان وزیر کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاوہ کسی صوبے میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کی پوسٹ موجود نہیں لہٰذا اسے فوراً اسسٹنٹ کمشنر میں تبدیل کیا جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ میرٹ کی بالادستی کو برقرار رکھتے ہوئے پوسٹنگ ٹرانسفرز ہونی چاہیے کیونکہ چند لوگوں کی وجہ سے پورے سسٹم پر انگلیاں اٹھائی جاتی ہیں۔
نعمان وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ’پی ایم ایس کیڈر ملازمین کے ایگزیگٹیو الاؤنس میں منجمد کیا گیا ہے جس کو فوراً جاری کیا جائے۔ صوبے کے بیشتر معاملات ہمارے افسران دیکھ رہے ہیں اگر یہ سب چھٹیوں پر چلے گئے تو حکومت کو چلانا مشکل ہو جائے گا۔‘
دوسری جانب نگراں صوبائی حکومت کی جانب سے پروونشل مینجمنٹ کیڈر کے افسران کے مطالبات کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

پی ایم ایس ملازمین کون سے محکموں میں تعینات ہوتے ہیں؟

پروونشل مینجمنٹ سروسز کے ملازمین گریڈ 17 پر مختلف سرکاری محکموں میں تعینات کیے جاتے ہیں جو سیکریٹریٹ، ضلعی انتظامیہ کے علاوہ ایڈمنسٹریشن کے اہم عہدوں پر بھی خدمات سرانجام دیتے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور صوبائی محکموں میں سیکریٹری تک پی ایم ایس کے افسران ہوتے ہیں۔

شیئر: