Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب: تیل پیداوار میں کمی کے فیصلے میں توسیع

رضاکارانہ کمی کا سلسلہ جولائی 2023 میں شروع ہوا تھا۔ (فوٹو سبق)
سعودی عرب نے تیل پیداوار میں 10 لاکھ بیرل یومیہ  رضاکارانہ طورپر کمی کے فیصلے میں مارچ 2024 کے آخر تک توسیع کردی ہے۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت توانائی کے ایک  عہدیدار نے جمعرات کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب تیل پیداوار میں یومیہ دس لاکھ بیرل کی رضاکارانہ کمی  میں جلد توسیع کرے گا۔
دس لاکھ بیرل تیل پیداوار میں کمی کے فیصلے پر عمل درآمد جولائی  2023 میں شروع ہوا تھا  اس کا سلسلہ 2024 کی پہلی سہ ماہی کے آخر تک جاری رہے گا۔ 
سعودی وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ تیل پیداوار میں مذکورہ رضاکارانہ کمی میں توسیع اوپیک پلس میں شریک بعض ممالک کے ساتھ یکجہتی پیدا کرکے کی جائے گی۔
توسیع کے تحت سعودی عرب مارچ 2024 کے آخر تک یومیہ نوے لاکھ بیرل تیل نکالے گا۔ 
وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ تیل منڈی میں استحکام کی خاطر مبینہ اضافی کمی کی بحالی تدریجی طور پر کی جائے گی اس سلسلے میں منڈی کے حالات کو مدنظر رکھ کر اقدام ہوگا۔ 
وزارت توانائی کے عہدیدار نے یہ بھی کہا ہے کہ تیل پیداوار میں دس لاکھ بیرل رضاکارانہ کمی اس رضاکارانہ کمی سے الگ ہے  جس کا اعلان سعودی عرب نے  اپریل  2023 میں کیا تھا اور اس کا سلسلہ دسمبر  2024 کے آخر تک جاری رہے گا۔ اس فیصلے کے تحت یومیہ پانچ لاکھ بیرل تیل رضاکارانہ طور پر کم نکالا جارہا ہے۔ 
وزارت توانائی کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ تیل پیداور میں اضافی رضاکارانہ کمی تیل منڈی میں استحکام اور توازن کی غرض سے اوپیک پلس ممالک کی جانب سے کی جانے والی احتیاطی تدابیر کی حمایت کے طور پر کی جارہی ہے۔ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 

شیئر: