’سعودی عرب نے پناہ گزینوں پر 18 ارب 57 ملین ڈالر خرچ کیے‘
جمعرات 14 دسمبر 2023 0:00
سعودی عرب انسانی مسائل کے حوالے سے اپنا کردار ادا کررہا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد وانسانی خدمات ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب پناہ گزینوں پر 18 ارب 57 ملین ڈالر سے زیاد ہ خرچ چکا ہے۔
خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جنیوا میں عالمی پناہ گزین فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا’ آج ہم غیر معمولی حالات میں جمع ہورہے ہیں۔ ہمیں بڑے چیلنجوں کا سامنا ہے۔ انسانی المیے بڑھ رہے ہیں‘۔
’سعودی عرب سیاسی اورانسانی محاذوں پر انسانی مسائل کے حوالے سے اپنا کردار ادا کررہا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا ’سعودی عرب بحرانوں اور تنازعات کو کنٹرو ل کرنے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کوشیشیں اور دنیا کے مختلف علاقوں میں متاثرین کی مدد کےلیے آگے بڑھ رہا ہے۔
’مملکت کو اپنے انسانی کردار کا احساس ہے۔ اسی لیے پناہ گزینوں اور ان کے میزبان ملکوں کے مسائل کے حل میں حصہ لے رہا ہے‘۔
انہوں نے بتایا کہ’ سعودی عرب نے گزشتہ برسوں کے دوران ایک ارب 150 ملین ڈالر پناہ گزینوں کے انسانی مسائل پر خرچ کیے‘۔
’سعود ی قیادت کی ہدایت پر مملکت کے اندر پناہ گزینوں پر 18 ارب 57 ملین ڈالر خرچ کیے۔ مملکت میں پناہ گزینوں کا تناسب مملکت کی آبادی کا 5.5 فیصد تک پہنچ گیا ہے‘۔
ٹاکٹر الربیعہ نے کہا کہ ’سعودی عرب اپنے یہاں 1.07 ملین پناہ گزینوں کو علاج اور تعلیم کی سہولتیں مفت فراہم کررہا ہے۔ پناہ گزینوں کو معاشرے کا حصہ بنانے کی پالیسی پر گامزن ہیں‘۔
غزہ متاثرین کے حوالے سے انہوں نے بتایا’ شاہ سلمان مرکز بین الاقوامی اور مقامی تنظیموں کی شراکت سے مختلف شعبوں میں انسانیت نواز منصوبے نافذ کررہا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا’ 170 ملین ڈالر کی لاگت سے مختلف منصوبے نافذ کیے گئے۔ ان میں 40 ملین ڈالرغزہ میں نقل مکانی کرنے والوں پر خرچ کیے گئے جبکہ 10 ملین ڈالر عالمی اسلامی فنڈ کو دیے گئے ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا’ سعودی عرب پناہ گزینوں اور اندرون ملک نقل مکانی کرنے والوں کی مدد کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ آئندہ دو برس کے دوران انسانیت نواز منصوبوں کے کل بجٹ کا سات فیصد پناہ گزینوں کےلیے ہوگا‘۔