پرائیویسی کی خلاف ورزی پر پانچ لاکھ درہم تک جرمانہ اور قید کی سزا
اتوار 17 دسمبر 2023 20:47
سزا کا نفاذ جرم کی نوعیت اورعدالتی فیصلہ پر کیا جاتا ہے (فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں ابوظبی کورٹ نے خبردار کیا کہ ’پرائیویسی کی خلاف ورزی اور راز افشا کرنے پر پانچ لاکھ درہم تک جرمانہ اور قید کی سزا مقرر ہے۔ قانون کی خلاف ورزی کا اطلاق سائبرکرائم پر بھی لاگو ہوتا ہے‘۔
امارات الیوم اخبار کے مطابق ابوظبی میں عدالتی و قانونی امور سے متعلق آگاہی مرکز کی جانب سے ’مسؤولیہ‘ کے عنوان سے آگاہی مہم شروع کی گئی ہے جس کا مقصد لوگوں کو قانونی معاملات کے بارے میں اہم معلومات فراہم کرنا ہے۔
آگاہی مرکز نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک وڈیو پیغام بھی جاری کیا جس میں قانون کی دفعہ 44 کی وضاحت کرتے ہوئے سائبرکرائم کی مد میں درج مقدمات کا حوالے دیتے ہوئے کہا گیا کہ’ افواہ پھیلانا اور کسی کی غلط طریقے سے تشہیر کرنا قانونی جرم شمار کیا جاتا ہے‘۔
’اس پر کم از کم چھ ماہ قید اور ڈیرھ لاکھ سے 5 لاکھ درھم تک جرمانے کی سزا مقرر ہے۔ دونوں سزائیں بیک وقت بھی دی جاسکتی ہیں تاہم اس کا نفاذ جرم کی نوعیت اورعدالتی فیصلہ پر کیا جاتا ہے‘۔
مزید کہا گیا کہ’ قانون کے مطابق سائبرکرائم کے تحت جو امور قانون شکنی کے زمرے میں آتے ہیں ان میں کسی کی آڈیو، وڈیو یا ٹیلی فونک گفتگو، تصاویر ، خبریں یا ذاتی معلومات کو خواہ وہ درست بھی کیوں نہ ہوں اسے نقصان پہنچانے کے ارادے سے عام کرنا جرم ہے‘۔
حادثے میں زخمی یا ہلاک ہونے والوں کی تصاویر ان کے لواحقین کی باقاعدہ اجازت کے بغیر شائع یا نشر کرنا بھی سائبرکرائم کے دائرے میں آتا ہے۔
کسی کی آڈیو، وڈیو یا تصویر میں تبدیلی اس مقصد سے کرنا کہ اس کی شہرت یا ذات کو نقصان پہنچے اس صورت میں کم از کم قید ایک برس اورجرمانہ ڈھائی لاکھ سے پانچ لاکھ درہم تک مقرر ہے۔