سعودی عرب کا چین میں زلزلے سے ہلاکتوں پر اظہار تعزیت
زلزلے سے کم از کم 131 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے ہیں ( فوٹو: اے پی)
سعودی وزارت خارجہ نے چین کے صوبے گانسو میں آنے والے زلزلے میں ہلاکتوں پر تعزیت اور چینی حکومت اور اس کے دوست عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ چین میں حکام کے مطابق ملک کے شمال مغربی حصے میں زلزلے سے عمارتیں گرنے سے کم از کم 131 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہو گئے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق بیان میں اس دردناک سانحے پر اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ’ سعودی عرب چین کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے‘۔
بیان میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق چینی صوبے چنگھائی کے ساتھ سرحد کے قریب واقع گانسو میں آنے والے اس زلزلے کی شدت 6.2 تھی۔
زلزلے کا مرکز گانسو صوبے کے دارالحکومت لانژو سے تقریباً 100 کلومیٹر جنوب مغرب میں ہے۔ ابتدائی زلزلے کے بعد کئی چھوٹے زلزلے کے جھٹکے بھی محسوس کیے گئے۔
زلزلے سے سڑکوں کو نقصان پہنچا، گانسو اور چنگھائی صوبے میں بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا۔