عراق میں امریکی فورسز کے خلاف نیا ڈرون حملہ
ترجمان کا کہنا ہے اس واقعہ میں کچھ افراد زخمی ہوئے ہیں ( فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکی اور عراقی حکام کا کہنا ہے’ پیر کو ایک ڈرون حملے میں شمالی عراق کے ایک ملٹری بیس کو نشانہ بنایا گیا جو امریکی اور اتحادی فورسز کے زیر استعمال ہے‘۔
سات اکتوبر کو اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کے آغاز کے بعد سے عراق میں داعش کے خلاف قائم اتحاد کو ہدف بنانے والے حملوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق عراقی وزیر اعظم کے فوجی امور کے ترجمان یحیی رسول نے ایک بیان میں کہا کہ’ پیر کو پیش آنے والے اس واقعہ میں عراقی کردستان کے اربیل ایئرپورٹ کے قریب ایک ملٹری بیس کی طرف ڈرون داغا گیا‘۔
انہوں نے اس کی تفصیلات بتائے بغیر کہا کہ ’حملے میں کچھ زخمی ہوئے ہیں‘۔
ایک امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی’ ملٹری بیس پر امریکی اور اتحادی فورسز پر ڈرون حملہ کیا گیا ہے‘۔
قبل ازیں عراق کی سرکاری نیوز ایجنسی بتایا تھا کہ’ اربیل ایئرپورٹ کے قریب پیر کو ایک بوبی ٹریپ ڈرون مار گرائے جانے کے بعد ایئرپورٹ پر آپریشن معطل کردیا گیا‘۔
’اس واقعے میں کچھ افراد زخمی ہوئے ہیں اور پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے‘۔