اسرائیل سے منسلک تجارتی جہاز پر انڈیا کے قریب ڈرون حملہ: برطانوی فرم
یہ تازہ واقعہ بحیرہ احمر میں ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کے ڈرون اور میزائل حملوں کے بعد پیش آیا ہے(فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کے مغربی ساحل کے قریب بحیرہ عرب میں اسرائیل سے منسلک ایک تجارتی جہاز کو بغیر پائلٹ کے ڈرون نے نشانہ بنایا ہے جس کے بعد اس جہاز آگ بھڑک اٹھی تھی۔
خبررساں ادارے روئٹرز نے برطانوی میری ٹائم سکیورٹی فرم ’ایمبرے‘کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ یہ واقعہ سنیچر کو پیش آیا۔
سکیورٹی فرم ’ایمبرے‘ نے کہا کہ ویراول انڈیا سے 200 کلومیٹر جنوب مغرب میں لائبیریا کے پرچم والے کیمیکل مصنوعات کے ایک ٹینکر میں لگی آگ کو عملے کے جانی نقصان کے بغیر بجھا دیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق ’جہاز کے ڈھانچے کو کچھ نقصان پہنچنے کی بھی اطلاع ملی ہے۔ یہ جہاز اسرائیل سے منسلک تھا۔‘
فرم ’ایمبرے‘ نے اپنی ویب سائٹ پر بتایا کہ ’اس تجارتی جہاز سے آخری بار سعودی عرب میں رابطہ کیا گیا تھا اور اس وقت وہ انڈیا کی سمندری حدود میں تھا۔‘
فرم کے مطابق انڈین نیوی اس واقعے کے بعد کارروائی کر رہی ہے تاہم انڈین نیوی نے فوری طور پر تبصرے کے لیے روئٹرز کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
یہ تازہ واقعہ بحیرہ احمر میں ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کے ڈرون اور میزائل حملوں کے بعد پیش آیا ہے، جن کا کہنا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں اسرائیل کے محاصرے میں فلسطینیوں کی مدد کر رہے ہیں۔
یہ حملے تجارتی جہازوں کو راستہ بدل کر افریقہ کے جنوبی کناروں کی جانب سے طویل راستوں سے گزرنے پر مجبور کر رہے ہیں۔